نئی دہلی5فروری:کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے اس دعوے کو مکمل طور پر جھوٹ اور بکواس قرار دیا ہے، جس میں اسپیکر نے اپوزیشن اراکین کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے ساتھ کسی غیر متوقع واقعے کو انجام دینے کے منصوبے کا ذکر کیا تھا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی اب اسپیکر کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ جب وزیر اعظم ایوان میں آنے کی ہمت نہیں کر پائے تو لوک سبھا اسپیکر سے جھوٹ بولنے کو کہہ رہے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مکمل طور سے جھوٹ ہے… اس بات کا کوئی سوال ہی نہیں ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ایسا کچھ کرنے کا منصوبہ تھا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’وزیر اعظم لوک سبھا اسپیکر کے پیچھے چھپ رہے ہیں اور ان سے یہ سب بولنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے پاس ایوان میں آنے کی ہمت نہیں ہے۔ وہ ایوان میں اس لیے نہیں آئے، کیونکہ 3 خاتون رکن پارلیمنٹ ان کی سیٹ کے سامنے کھڑی تھیں، یہ کس طرح کی بکواس ہے۔‘‘ اس سے قبل لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں کہا کہ کل ایوان میں کانگریس کے کئی لیڈر اسپیکر کی کرسی کے پاس پہنچ کر کسی ناخوشگوار واقعہ کو انجام دینا چاہتے تھے، اس لیے ان کی گزارش پر وزیر اعظم ایوان میں نہیں آئے۔