بھوپال:05؍فروری(پریس ریلیز)14 شعبان بروز منگل بعد نماز عشاء بموقعہ شب براءت ہر سال کی طرح سال رواں بھی جامعہ حفظ القرآن چندن نگر بھانپور بھوپال کا سالانہ جلسہ دستار بندی فارغین کرام اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا، جلسہ کی صدارت ناظم محترم و روح رواں جامعہ ہذا و صدر جمعیتہ علماء ضلع بھوپال جناب حافظ محمد اسمعیل بیگ صاحب نے فرمائی، جلسہ میں بطور مہمان خصوصی استاذ الاساتذہ مفسر قرآن حضرت مولانا اشفاق الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم صدر شعبہ تحفظ ختم نبوت مالوہ و مہتمم مدرسہ مدینتہ العلوم اکاؤتہ ضلع شاجاپور (ایم پی) بنفس نفیس شریک تھے، ساتھ ہی شہر و بیرون شہر اور اطراف و جوانب کے دیگر معزز علماء کرام و ائمہ عظام بھی رونق اسٹیج تھے، جلسہ میں جامعہ کے طلبہ نے نہایت ہی دلنشیں انداز میں تلاوت، حمدیں و نعتیں اور موجودہ حالات کے تناسب سے مختلف عناوین پر شاندار اور جامع تقاریر پیش کیں اور سامعین سے خوب داد و تحسین وصول کیں، بعد پروگرام طلبہ سال رواں جامعہ سے فارغ ہونے والے حفاظ طلبہ کی بدست اکابرین اسٹیج دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد دیکر شیلڈوں، قرآن مجید اور دیگر اعزازی انعامات سے نوازا گیا، ساتھ ہی جامعہ کے اساتذہ و خادمین اور مہمان خصوصی و دیگر معززین کا بھی استقبال و اعزاز کیا گیا، پھر جامعہ سے سال گزشتہ پانچویں اور آٹھویں کلاس کے بورڈ کے امتحانات دینے والے اور اچھے نتائج سے کامیاب ہونے والے جمیع طلبہ کو بورڈ کی مارکشیٹ بھی عطاء کی گئیں، یاد رہے کہ جامعہ میں دینی تعلیم کے ساتھ حکومت سے تسلیم شدہ عصری تعلیم کا بھی آٹھویں کلاس تک مع کمپیوٹرکے معقول نظم ہے، نیز جامعہ کے تحت ہی لٹل اسمائل پبلک اسکول کے نام سے نرسری تا آٹھویں کلاس تک ایک اسکول بھی قائم ہے جس میں کافی تعداد میں قرب و جوار کے طلبہ زیر تعلیم ہیں، اس اسکول میں اسلامی ماحول کے سایہ میں عصری تعلیم کے ساتھ دینی بنیادی تعلیم کا بھی بہترین نظم ہے، جلسہ میں مہمان خصوصی مولانا اشفاق الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم نے شب براءت و اصلاح الرسوم اور زندگی کے ہر گوشہ کے تعلق سے نہایت ہی جامع اور وقیع گفتگو فرمائی اور جامعہ و اساتذہ اور طلبہ و ذمہ داران کی کارکردگی کے تئیں اپنی انتہائی خوشی کا اظہار فرماتے ہوئے خوب داد و تحسین اور دعاؤں سے نوازا، جلسہ کے اخیر میں صدر جلسہ ناظم جامعہ ہذا حافظ محمد اسمعیل بیگ صدر جمعیتہ علماء ضلع بھوپال نے مکاتب و مدارس کی اہمیت و افادیت اور اکابرین جمعیتہ علماء ہند کی اس امت کے تعلق سے زندگی کے ہر شعبہ میں مکمل جانفشانی اور رہبری اور جمعیتہ علماء ہند کی افادیت و ضرورت اور اس کو مضبوط و مستحکم کرنے اور اصلاح معاشرہ کے عنوان سے بڑی ہی تفصیلی و جامع اور مؤثر گفتگو فرمائی، اخیر میں مہمان خصوصی محترم کی دعاء پر جلسہ کا بخیر اختتام ہوا، جلسہ کافی دیر رات تک جاری رہا ساتھ ہی سامعین کا ہجوم از اول تا آخر مستقل مزاجی کے ساتھ قائم رہا، جلسہ میں بھانپور و اطراف اور شہر کے ائمہ کرام و علماء عظام کے ساتھ کافی بڑی تعداد میں اطراف و اکناف کے لوگ شریک تھے۔









