بھوپال 31جنوری: وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریوا، وِندھیہ خطے کی ترقی کے لیے ریل کے انجن کی مانند ہے، جو پورے وندھیا کو رفتار دے رہا ہے۔ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک تمام چیلنجز کو عبور کرتے ہوئے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔ پہلے ہندوستانی طلبہ میڈیکل تعلیم کے لیے یوکرین اور اس کے آس پاس کے ممالک جاتے تھے، لیکن جب وہاں جنگ جیسے حالات پیدا ہوئے تو وزیرِ اعظم مسٹر مودی نے ایک ایک ہندوستانی کو بحفاظت وطن واپس لایا۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو ہفتہ کو ریوا کے شیام شاہ میڈیکل کالج کی توسیعی ترقیاتی سرگرمیوں کے بھومی پوجن کے بعد عوام سے خطاب کر رہے تھے۔وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ موجودہ حکومت میں نائب وزیرِ اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل مسلسل 24 گھنٹے بہترین کام کر کے دکھا رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ریاست میں صحت سہولیات کی ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ریوا میں نئے اسپتال کی تعمیر کے بعد بستروں کی گنجائش 2400 سے زائد ہو جائے گی۔ آزادی کے بعد 55 برسوں میں ریاست میں صرف 5 میڈیکل کالج تھے، جبکہ ہماری حکومت کے صرف 2 برسوں میں ہی 6 سرکاری میڈیکل کالج قائم کیے گئے ہیں۔ ریاست کے بڑے اضلاع کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں میں بھی میڈیکل کالج کھولنے کی پہل کی گئی ہے۔ بہت جلد مدھیہ پردیش میں میڈیکل کالجوں کی تعداد 50 ہو جائے گی۔
ریوا کے نئے اسپتال میں کارڈیالوجی، نیورو سرجری، نیورولوجی، یورولوجی، نیفرولوجی اور کینسر کے علاج کے لیے خصوصی یونٹ قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بھوپال، اندور، اْجّین اور جبل پور میں بھی جدید مشینوں کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کے لیے دیہی اور شہری دونوں علاقوں کی یکساں اہمیت ہے۔ وندھیا کے سنگرولی کو بھی میڈیکل کالج کی سوغات ملی ہے۔ صحت اور طبی سہولیات کے فروغ کا ہی نتیجہ ہے کہ اب ریاست میں میڈیکل انڈر گریجویٹ سیٹوں کی تعداد 5500 ہو گئی ہے۔ آنے والے برسوں میں ہر سال 10 ہزار ڈاکٹر میڈیکل تعلیم مکمل کر کے خدمات انجام دیں گے۔ نرسنگ اور پیرا میڈیکل شعبے میں بھی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریوا کے شیام شاہ میڈیکل کالج کی توسیع کے لیے تقریباً 350 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن کیا گیا ہے۔
جن میں 15 مختلف ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ ریوا کے قریب گْڑھ علاقے میں بابا بھیرو ناتھ لوک پریسر کا افتتاح بھی کیا گیا ہے، جو مستقبل میں ایک عظیم تیرتھ استھل بنے گا۔ اسی علاقے میں 750 میگاواٹ صلاحیت کا سولر پاور پلانٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے سیاحت اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع کی ہے۔ ریوا کے عوام خوش نصیب ہیں کہ انہیں دہلی کے لیے براہِ راست ہوائی سروس حاصل ہوئی ہے۔ ملک میں سب سے پہلے مدھیہ پردیش میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کی گئی ہے۔