اندور، 27 جنوری:آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (مدھیہ پردیش) اور ال فاروق یونانی میڈیکل کالج کے باہمی اشتراک سے اتوار کو شہر میں ایک پروقار تقریب ’’جشنِ صلاحیتِ یونانی‘‘ کا انعقاد کیا گیا جو انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ مسیح الملک حکیم اجمل خان مرحوم کی یاد میں منعقدہ اس تقریب میں طبِ یونانی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اطباء، محققین اور ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مختلف باوقار اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران طبِ یونانی کے فروغ اور تعلیمی برتری کے اعتراف میں متعدد ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ مدھیہ پردیش پبلک سروس کمیشن (ایم پی پی ایس سی) میں ٹاپ کرنے والی ڈاکٹر شاہدہ بانو کو ان کی اس عظیم کامیابی پر ’’شانِ مدھیہ پردیش ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ اسی طرح سرکاری شعبے میں بہترین طبی خدمات کے لیے ڈاکٹر عارف انیس کو ’’لیڈنگ پریکٹیشنر (سرکاری)‘‘ اور نجی پریکٹس میں نمایاں کارکردگی کے لیے ڈاکٹر پرویز عالم قادری کو ’’لیڈنگ پریکٹیشنر (پرائیویٹ)‘‘ کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
عوام میں طبِ یونانی کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لیے ڈاکٹر شائنی کو خصوصی ’’یونانی اویئرنیس ایوارڈ‘‘ دیا گیا۔ اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو ’’یونیورسٹی ٹاپر ایوارڈ‘‘، پیچیدہ امراض کے کامیاب علاج پر مبنی بہترین تحقیقی رپورٹ پیش کرنے پر ’’بیسٹ کیس اسٹڈی ایوارڈ‘‘ اور طبِ یونانی کے مجموعی فروغ کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو ’’یونانی ایکسیلنس ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی اور آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان ایوارڈز کا مقصد اطباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر حسن نے کہا کہ نئی نسل کے اطباء کی کامیابی طبِ یونانی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عظیم خان نے تمام شرکاء اور ایوارڈ یافتگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام یونانی طب کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر سنیل وانے، حکیم سلیمان خان اور بڑی تعداد میں طبی ماہرین و طلباء موجود تھے۔