نئی دہلی 21جنوری: دہلی کی ایک کالونی میں آبی جماؤ کی ویڈیو نے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کو فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ ویڈیو مبارک پور ڈباس واقع شرما انکلیو کی ہے، جہاں گھٹنے بھر گندہ پانی جمع نظر آ رہا ہے۔ لوگوں کو اپنے گھر تک پہنچنے کے لیے اس گندے پانی میں گھٹنے تک ڈوب کر جانا پڑتا ہے۔ اس ویڈیو کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’ہر عام ہندوستانی کی زندگی آج ایسی ہی جہنم والی مصیبت بن گئی ہے۔ سسٹم اقتدار کے سامنے فروخت ہو چکا ہے۔ سب ایک دوسرے کی پیٹھ تھپتھپاتے ہیں اور مل کر عوام کو روندتے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت اور موجودہ نظام کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشکل حالات اب ’نئے نارمل‘ معلوم پڑنے لگے ہیں۔









