بھوپال:21؍جنوری:محکمہ جنگلات کی جانب سے سال 2025-26 کے تحت ’’انو بھوتی‘‘ پروگرام کا انعقاد ون وہار نیشنل پارک، بھوپال میں کیا گیا۔ انو بھوتی پروگرام کے تحت اسکولی طلبہ کو جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیاتی تحفظ کے تئیں شعور پیدا کر کے انہیں تحفظ کے لیے بیدار اور شراکت کے لیے ترغیب دینا مقصود ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کے فرائض، ذمہ داریوں اور چیلنجز سے طلبہ کو آگاہ کرنے کے مقصد سے مدھیہ پردیش ایکو ٹورزم ڈیولپمنٹ بورڈ کے اشتراک سے انو بھوتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انو بھوتی کیمپ میں گزشتہ سال کی تھیمز ’’میں بھی باگھ‘‘ اور ’’ہم ہیں بدلاوٗ‘‘ کو شامل کرتے ہوئے نئی تھیم ’’ہم ہیں دھرتی کے دوت‘‘ کے ذریعے پیغام پہنچانے کے مقصد سے تربیتی و آگاہی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ون وہار نیشنل پارک میں آج بدھ کو آخری کیمپ کا انعقاد ہوا۔ کیمپ میں سرکاری مڈل اسکول، عباس نگر، بھوپال کے 59 طلبہ و طالبات اور 4 اساتذہ نے شرکت کی۔انو بھوتی پروگرام کے ماسٹر ٹرینر کے طور پر سبکدوش اسسٹنٹ فاریسٹ کنزرویٹر مسٹر اے۔کے۔ کھرے موجود رہے۔ اس موقع پر سبکدوش اسسٹنٹ فاریسٹ کنزرویٹر مسٹرراجیو شریواستو بھی موجود تھے۔ پروگرام میں ڈائریکٹر ون وہار مسٹروجے کمار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ون وہارمسٹر وریندر سنگھ اور دیگر افسران و ملازمین بھی شریک رہے۔کیمپ میں شامل ہر بچے کو انو بھوتی بْک، انو بھوتی بیگ، کیپ، ہربل کِٹ، بٹن باڈی، قلم، ون وہار کے بروشر کے ساتھ ساتھ آبی پرندوں، زمینی پرندوں، تتلیوں کی اقسام اور گِدھ کی شناخت سے متعلق بروشر بھی فراہم کیے گئے۔ طلبہ کو ماسٹر ٹرینر اور نئے محرکین کی جانب سے پرندوں کا مشاہدہ، جنگلی حیات کا مشاہدہ، نیچر ٹریل کا دورہ، مقام پر موجود جنگلاتی سرگرمیوں اور فوڈ چین کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحول سے متعلق دلچسپ سرگرمیاں کرائی گئیں اور معلومات فراہم کر کے طلبہ کی جستجو کو تسکین دی گئی۔طلبہ و طالبات کو جنگلی جانوروں کو کس طرح ریسکیو کیا جاتا ہے، اس حوالے سے ون وہار میں دستیاب ریسکیو گاڑی کے ذریعے ریسکیو ٹیم نے آگاہ کیا۔ اس سرگرمی سے شرکاء نے سنجیدگی کے ساتھ بھرپور لطف اٹھایا۔ کیمپ میں جنگلات، جنگلی حیات اور ماحول کے تحفظ کے لیے بچوں کو حلف دلایا گیا اور انعامات و اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔









