بھوپال:21؍جنوری:محکمہ شہری ترقی اوررہائشات کے ذریعہ سال 2026میں مجوزہ وسیع شجرکاری مہم کی تیاریوں کے تحت ’’ شجرکاری اورپودوں کی حفاظت‘‘ موضوع پر ڈویزنل سطحی ورکشاپ کاانعقاد بدھ کو سورن جینتی آڈیٹوریم ، آر سی وی پی نرونہا انتظامیہ اکادمی، بھوپال میں کیاگیا۔ کمشنر شہری ترقی اور رہائشات مسٹر سنکیت بھونڈوے نے ورکشاپ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سال2026کی شجرکاری صرف رسمی ہدف کی تکمیل تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ پودوں کے تحفظ ، بحال رہنے کی شرح اور طویل مدتی ماحولیاتی فوائد پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ ’’ پودا لگانا جتنا اہم ہے ، اس سے کہیں زیادہ ان کی حفاظت کرنا ہے ۔ جب تک پودے محفوظ نہیں رہیںگے تب تک ماحولیاتی تحفظ کا مقصد مکمل نہیں ہو سکتا۔ ‘‘
کمشنر مسٹر بھونڈوے نے بتایاکہ ریاستی سطح پرمنظم اور سائنسی طریقے سے شجرکاری کرنے کیلئے ڈویزن سطحی ورکشاپوں کا انعقاد کیاجارہاہے۔ شہڈول، گوالیار، اندور، ریوا ، اجین ، جبلپور اور ساگر ڈویزنوں میں ورکشاپوں کے انعقاد کے بعد بھوپال ڈویزن میں یہ تربیتی پروگرام منعقد کیاگیا۔ جس سے مقامی سطح پر بہتر نفاذ یقینی کیا جا سکے۔ انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ شجرکاری کے کام میں مقامی اقسام کو ترجیح دی جائے۔ باقائدہ مانیٹرنگ کا انتظام کیاجائے اور شہریوں کی شراکت کو بھی مہم سے جوڑا جائے ، جس سے شہری علاقوں میں مقامی گرین ڈیولپمنٹ کو رفتار مل سکے ۔ایک روزہ تربیت مع صلاحیت سازی ورکشاپ میں بھوپال ڈویزن کے تحت بلدیاتی اداروں کے چیف میونسپلٹی آفیسر، شجرکاری انچارج ، نوڈل افسر ، باغبانی افسر ، مالی طبقہ اور خود امدادی گروپوں کی خواتین نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد شجرکاری کے کام سے وابستہ میدانی عملے کو تکنیکی طور سے فعال بنانا ، پودوں کی حفاظت کا موثر پالیسی تیار کرنا اور شہری علاقوں میں سرسبز ماحول کو مضبوط کرنا ہے ۔