نئی دہلی 20جنوری: گزشتہ سال دسمبر میں انڈیگو ایئرلائنس کی جانب سے آپریشنز میں مچنے والی افراتفری کے بعد سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی اس معاملے پر گہری نظر ہے۔ شہری ہوابازی کی وزارت کے ذریعہ اس بات کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈی جی سی اے کی ہدایت کے بعد سے انڈیگو ایئرلائنس نے اب تک 4 ہفتہ واری رپورٹس، 3 فورٹ نائٹلی (14 روزہ) رپورٹس پیش کی ہیں۔ ساتھ ہی ڈی جی سی اے کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ جائزہ میٹنگوں میں حصہ لیا ہے۔ 20 جنوری کو ہوئی جائزہ میٹنگ میں انڈیگو کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ اب سب کچھ ٹھیک ہے۔ انڈیگو کی جانب سے ڈی جی سی اے کی میٹنگ میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا کہ آپریشنز ضروریات کے مطابق پائلٹوں کی کافی دستیابی ہے۔ 10 فروری 2026 تک پائلٹوں کی صورتحال اس طرح ہے۔ ایئربس کیپٹن (پی آئی سی) کی ضروری تعداد 2280 اور دستیاب 2400 ہے۔ اس کے ساتھ ہی 2050 ایئربس فرسٹ آفیسر کی ضرورت ہے اور 2240 دستیاب ہے۔ جائزہ میٹنگ میں انڈیگو نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ موجودہ منظور شدہ نیٹورک اور دستیاب کریو کی بنیاد پر 10 فروری 2026 کے بعد پروازوں کے منسوخ ہونے کا امکان نہیں ہے۔ 6 دسمبر 2025 کو دی گئی عارضی فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لیمیٹیشن (ایف ڈی ٹی ایل) چھوٹ بھی واپس لے لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈی جی سی اے کے ذریعہ نگرانی جاری رہے گی، خاص طور سے روسٹر کی مضبوطی اور استحکام، پائلٹوں کی مسلسل دستیابی اور ایف ڈی ٹی ایل قوانین کی مکمل تعمیل کے حوالے سے۔ ڈی جی سی اے کے مطابق انڈیگو کے آپریشنز حالات اب کافی حد تک مستحکم ہو چکے ہیں۔









