نوی ممبئی، 17 جنوری (یو این آئی): کپتان میگ لیننگ (70) اور فیبی لچفیلڈ (61) کی شاندار بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت یوپی واریئرز ویمن ٹیم نے ہفتہ کے روز ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے دسویں مقابلے میں ممبئی انڈینز کو 22 رن سے ہرا دیا۔188 رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری ممبئی انڈینز کی شروعات اچھی نہ رہی اور یوپی واریئرز کے گیندبازی حملے کے سامنے 69 کے مجموعی اسکور تک اس کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔ سجیون سجنا (10)، ہیلی میتھیوز (13)، نیٹ اسکیور برنٹ (15)، نکولا کیری (6) اور کپتان ہرمن پریت کور 18 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد امیلیا کیر اور امنجوت کور نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 83 رن کی شراکت ہوئی۔ 19ویں اوور میں شکھا پانڈے نے امنجوت کور (24 گیندوں میں 41 رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 165 رن ہی بنا سکی اور 22 رن سے میچ ہار گئی۔ امیلیا کیر 28 گیندوں میں 49 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ جی کمالنی نے ناٹ آوٹ 9 رن بنائے۔یوپی واریئرز کی جانب سے شکھا پانڈے نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کرانتی گوڑ، صوفی ایکلسٹن، دیپتی شرما اور کلوئی ٹرائن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں یوپی واریئرز نے آٹھ وکٹ پر 187 رن کا اسکور بنایا تھا۔ ممبئی انڈینز ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری یوپی واریئرز کی شروعات اچھی نہ رہی اور پہلے ہی اوور میں کرن نوگیرے (صفر) کی وکٹ گر گئی۔ اس کے بعد فیبی لچفیلڈ نے میگ لیننگ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بٹورے۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 119 رن کی شراکت ہوئی۔ 13ویں اوور میں امنجوت کور نے فیبی لچفیلڈ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ فیبی لچفیلڈ نے 37 گیندوں میں سات چوکے اور تین چھکے کی مدد سے 61 رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ہیلی میتھیوز نے میگ لیننگ کو آؤٹ کیا۔ میگ لیننگ نے 45 گیندوں میں 11 چوکے اور دو چھکے لگا کر 70 رن کی اننگز کھیلی۔
ممبئی انڈینز کے گیندبازوں نے آخری دو اووروں میں عمدہ گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوپی واریئرز کو مزید رن بنانے سے روکا اور وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ہرلین دیول نے 16 گیندوں میں 25 رن اور کلوئی ٹرائن نے 13 گیندوں میں 21 رن بنائے۔ شویتا سہراوت (صفر) اور صوفی ایکلسٹن (ایک) رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اننگز کی آخری گیند پر امیلیا کیر نے دیپتی شرما (صفر) کو آؤٹ کر کے 187 رن کے اسکور پر ممبئی انڈینز کے لیے آٹھویں وکٹ حاصل کی۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے امیلیا کیر نے تین وکٹیں حاصل کیں، نیٹ اسکیور برنٹ کو دو وکٹیں ملیں، جبکہ نکولا کیری، ہیلی میتھیوز اور امنجوت کور نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔