نئی دہلی9جنوری: دہلی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پانچویں اور آخری دن آلودگی کے مسئلے اور ایک فیک ویڈیو تنازعہ پر عام آدمی پارٹی کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا، جس کے بعد انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ کارروائی کے دوران اسپیکر وجندر گپتا نے عآپ کے رکن اسمبلی سنجیو جھا کو ایک تبصرے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے مارشلوں کے ذریعے ایوان سے باہر نکلوایا اور پورے دن کی کارروائی کے لیے معطل کر دیا۔ جمعہ کو صبح 11 بجے جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، عآپ ارکان نے آلودگی پر فوری بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ دن کے ایجنڈے میں آلودگی پر بحث شامل ہے، تاہم چند ضروری امور پہلے نمٹانا ہوں گے۔ اس وضاحت کے باوجود ارکان خاموش نہ ہوئے اور ہنگامہ آرائی جاری رکھی۔ اسپیکر نے متعدد بار نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی، مگر صورت حال میں بہتری نہ آ سکی۔ اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن ستیش اپادھیائے نے اسپیکر کے سامنے اعتراض درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ سنجیو جھا نے ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے اور ایوان کی کارروائی سے متعلق نامناسب تبصرہ کیا۔
اسپیکر نے اعتراض کا نوٹس لیتے ہوئے سنجیو جھا کے خلاف کارروائی کی، جس کے بعد عآپ ارکان نے واک آؤٹ کر دیا۔ اسمبلی کے باہر عام آدمی پارٹی نے ایک الگ احتجاج بھی کیا، جس میں دہلی حکومت کے وزیر کپِل مشرا کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ پارٹی کا الزام ہے کہ ایک فیک اور گمراہ کن ویڈیو جان بوجھ کر پھیلائی گئی، جس میں ایک مذہبی حوالے کو جوڑ کر عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔ عآپ کے مطابق اس ویڈیو کے ساتھ غلط متن تحریر کر کے اسے سوشل پلیٹ فارمز پر پھیلایا گیا۔ عآپ کے اراکین اسمبلی سنجیو جھا، جرنیل سنگھ اور کلدیپ کمار نے کہا کہ یہ معاملہ محض غلط معلومات کا نہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔









