بھوپال 9جنوری : وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سب کے تعاون سے ہم ایک نئے مدھیہ پردیش کی تعمیر کر رہے ہیں۔ ترقی یافتہ مدھیہ پردیش کے لیے گائووں،غریبوں، کسانوں، نوجوانوں ،خواتین سبھی کو خود انحصار، بااختیار اور خوشحال بنانے کی ضرورت ہے اور ہم اس سمت میں مشن موڈ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کے کسی بھی خطہ کو ترقی سے محروم نہیںرہنے دیں گے۔ ترقی کی راہ پرہم سب مل کر آگے بڑھیں گے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو سیدھی ضلع کی سنہاول اسمبلی حلقہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر بہری میں مختلف سرکاری محکموں کے استفادہ کنندگان کے لئے ایک تربیتی اور واقفیت پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ حکومت پر عوام کا غیر متزلزل اعتماد ریاست کی مجموعی ترقی اور بہبود کے لیے ہمیں نئی توانائی اور طاقت فراہم کرتا ہے۔ نئے ترقیاتی کاموںاور نئے روزگار کے قیام سے ہم ریاست کی معیشت کو مستقل طور پر مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گرام بہری سے ہی سیدھی ضلع کیلئے201 کروڑ 64 لاکھ روپے کے 209 ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔
اس کے علاوہ 11کروڑ58لاکھ روپے کی لاگت سے ایک بغیا ماں کے نام کے تحت 505 کاموں کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے 133کروڑ 62لاکھ روپے کے 30 ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور 68 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے 179 ترقیاتی کاموںکا افتتاح کرکے سیدھی ضلع کے باشندگان کو متعدد تعمیراتی کاموں کی سوغاتیں دیں۔ مقامی عوامی نمائندوں کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بہری میں نیا کالج کھولنے کا اعلان کیا۔ یہ کالج اگلے سیشن سے ہی شروع کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے 129 کروڑ روپے کی لاگت سے بہری سے چرہٹ تک 64.54 کلومیٹر لمبی دو لین سڑک کی تعمیر کا بھی اعلان اس موقع پر کیا۔ انہوں نے سنہاول اور دیوسر کے کالجوں میں سائنس اور کامرس فیکلٹی کی کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے دیوسر میں فی الحال چل رہے پارٹ ٹائم ایڈیشنل کلکٹر کورٹ کو اب فل ٹائم چلائے جانے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی سیدھی ضلع کی گوپد ندی پر 500 میٹر طویل ایک نیا پل اور مہان ندی پر رپٹا بنوانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سنہاول اسمبلی حلقہ کے کچھ اسکولوں کو ہائی اسکولوں سے ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے اور کچھ گاؤں میں پرائمری ہیلتھ سینٹرس کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بہری کے تمام گائووں میںآبپاشی کی مستقل سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سیدھی ضلع میں ہر قسم کی صنعت اور کاروبار قائم کئے جائیں گے۔ پنجہ دری سیدھی کی پہچان ہے۔ سنہاول بلاک کے کلسٹر میںپنجہ دری اور قالین بنائی کی مختلف اکائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سیدھی کی پنجہ دری کو جی آئی ٹیگ دلوانے کیلئے کوشاں ہیں، ہم پنجہ دری کو عالمی پہچان دلوائیںگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں نمایاں سرمایہ کاری آرہی ہے جس سے پنجہ دری کے فن کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مختلف سرکاری اسکیموں کے استفادہ کنندگان میں فوائد بھی تقسیم کئے۔









