لاہور، 7 (یواین آئی ) پاکستان انڈر 19 اسٹار سمیر منہاس نے یوتھ ون ڈے کرکٹ میں وہ سنگِ میل عبور کر لیا ہے جسے حاصل کرنے میں بابر اعظم جیسے ورلڈ کلاس بلے باز کو برسوں لگ گئے۔ محض 10 میچوں میں 4 سنچریاں داغ کر سمیر نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔سمیر منہاس کی کامیابی اس لیے غیر معمولی ہے کہ انہوں نے بابر اعظم کے مقابلے میں ایک چوتھائی سے بھی کم وقت میں ان سے زیادہ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ منہاس نے اپنی بہترین فارم کا مظاہرہ انڈر 19 ایشیا کپ 2025 میں کیا، جہاں ان کا بلا آگ اگلتا رہا۔ ان کی کارکردگی کے چند نمایاں پہلو یہ ہیں ، پانچ اننگز میں 150 سے زائد کی اوسط سے مجموعی طور پر 471 رنز بنائے۔ فائنل جیسے اعصاب شکن مقابلے میں روایتی حریف ہندوستان کے خلاف 113 گیندوں پر 172 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ یہ یوتھ ایشیا کپ کے فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
ایونٹ کے دوران ہی انہوں نے ایک اننگز میں 177 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔سمیر کی چوتھی سنچری ہرارے اسپورٹس کلب میں زمبابوے کے خلاف سہ فریقی سیریز کے دوران آئی، جہاں ان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 354 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔جس تیزی اور اعتماد کے ساتھ سمیر منہاس رنز کے ڈھیر لگا رہے ہیں، اس نے سلیکٹرز اور شائقینِ کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ ہائی پریشر میچوں، خاص طور پر ہندوستان کے خلاف فائنل میں ان کی کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں۔ اگر ان کی اسی رفتار اور ٹیلنٹ کو صحیح طریقے سے پالش کیا گیا تو وہ بہت جلد پاکستانی ٹیم کے لیے ایک ناگزیر اثاثہ بن جائیں گے۔









