نئی دہلی یکم جنوری: وزیراعظم نریندر مودی نے تھرواننت پورم کے نو منتخب میئر وی وی راجیش کو ایک جذباتی اور تاریخی خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے کیرالہ میں بی جے پی کی پہلی میونسپل کارپوریشن جیت کو ایک ’’عہد ساز (Epoch-making)‘‘ لمحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کامیابی ریاست کی سیاسی تاریخ میں ’’سنہری حروف سے لکھی جانے والی ایک سنگِ میل‘‘ ہے۔ 30 دسمبر 2025 کو تحریر کردہ اس خط میں وزیراعظم نے میئر وی وی راجیش اور ڈپٹی میئر اشین ناتھ کو 3 جنوری کو حلف اٹھانے کے پیش نظر دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ کے دارالحکومت میں بی جے پی کی کامیابی عوام کے اعتماد اور پارٹی کے ترقی و بہتر طرزِ حکمرانی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم نے خط میں لکھا : ’’تہواروں کے موسم کے دوران اور سال 2026 کے آغاز پر، تھرواننت پورم کے عظیم شہر میں تاریخ رقم ہوئی جب آپ نے شہر کے میئر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ یہ لمحہ واقعی ایک تاریخی سیاسی تبدیلی کی علامت ہے۔‘‘ تھرواننت پورم سے اپنی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ شہر ’’ہر ملیالی کے دل میں فخر کی جگہ رکھتا ہے‘‘ اور ’’سری پدمنابھ سوامی کی برکتوں سے نوازا گیا ہے‘‘۔









