نئی دہلی 20دسمبر:نوئیڈا میں کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ہونے والی تقریبات کے پیش نظر انتظامیہ نے نئی گائیڈلائن جاری کی ہے۔ ہجوم اور سیکورٹی کے خدشات اور گزشتہ سالوں میں سامنے آنے والی بدانتظامی کو دیکھتے ہوئے ڈی ایم میدھا روپم نے پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی پارٹی یا عوامی تقریب پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ کرسمس اور نئے سال کے دوران ہونے والے ہر پروگرام کے لیے پہلے سے اجازت لینا لازمی ہوگا، ورنہ منتظمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری گائیڈلائن کے مطابق ہوٹل، پب، ریسٹورنٹ، کلب، پارک، میرج لان، فارم ہاؤس اور دیگر عوامی مقامات پر منعقد ہونے والے تمام تفریحی پروگرام انتظامیہ کی اجازت کے بغیر منعقد نہیں کیے جا سکیں گے۔ ڈی ایم نے وارننگ دی ہے کہ بغیر اجازت کے منعقد ہونے والے کسی بھی پروگرام کو موقع پر ہی بند کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی منتظمین پر قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اجازت لینے کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا گیا ہے۔ منتظمین کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے لیے ’نویش مِترا پورٹل‘ کے ذریعہ سے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے درخواست کی جانچ کے بعد ہی پروگرام کی اجازت دی جائے گی۔ انتظامیہ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام تقریبات قوانین کے دائرے میں، محفوظ اور منظم طریقے سے مکمل ہوں۔









