نئی دہلی 19دسمبر:دہلی میں آلودگی کو کم کرنے کے لیے ’نو پی یو سی، نو فیول‘ یعنی ’پی یو سی نہیں، تو ایندھن نہیں‘ مہم شروع ہو چکی ہے۔ یہ مہم 18 دسمبر یعنی جمعرات سے شروع ہوئی، اور پہلے ہی دن اس کا خاطر خواہ اثر دیکھنے کو ملا۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق دہلی میں تقریباً 2800 گاڑیوں کو ایندھن دینے سے منع کر دیا گیا، کیونکہ ان گاڑیوں کا جائز پی یو سی موجود نہیں تھا۔ پی یو سی سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے ہزاروں گاڑیوں کی قطاریں بھی دیکھنے کو ملیں۔ متعلقہ افسران نے جمعہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی میں ’پی یو سی نہیں، تو ایندھن نہیں‘ مہم کے پہلے دن ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے بغیر ویلڈ ’پالیوشن انڈر کنٹرول‘ سرٹیفکیٹ والی تقریباً 2800 گاڑیوں کو ایندھن نہیں دیا۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ ڈپارٹمنٹ نے 3 انفورسمنٹ ٹیمیں تعینات کی ہوئی ہیں۔ ان کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود ہیں۔
اہم مقامات پر پٹرول پمپوں پر چیکنگ کی گئی تاکہ نافذ اصولوں پر سختی سے عمل ہو سکے۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ مہم کے پہلے دن، یعنی جمعرات کی صبح 6 بجے سے جمعہ کی صبح 6 بجے کے درمیان تقریباً 2800 گاڑیاں بغیر ویلڈ پی یو سی سرٹیفکیٹ کے پائی گئیں۔ جمعرات کو مہم کے پہلے دن بغیر ویلڈ پی یو سی سرٹیفکیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ اصول کی خلاف ورزی کرنے والی 3746 گاڑیوں کا چالان بھی کاٹا گیا۔