اورنگ آباد:19؍دسمبر:سلام بن عثمان: گزشتہ دنوں اورنگ آباد کے عام خاص میدان میں منعقد ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے افتتاحی تقریب کے موقع پر اردو اکیڈمی کے ایوارڈ یافتگان کی باوقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، کم و بیش 42 معزز شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔ مائنڈز ان موشن فاؤنڈیشن، اردو کارواں اور واحد کلام فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ ارتکاز افضل تہنیتی تقریب کے صدر تھے۔ جبکہ اردو اکیڈمی کے نو منتخب کارگزار چیئرمین سید حسین اختر اور اردو کارواں ممبئی کے صدر فرید احمد خان بطور مہمانِ خصوصی شریک رہے۔
اورنگ آباد کے عام خاص میدان میں گزشتہ تین برسوں سے ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ۲۰۲۵ کے چوتھے سال کی نمائش میں اورنگ آباد اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں اسکول و کالج طلبہ، اساتذہ، محبانِ اردو کے ساتھ تعلیمی و ادبی فضا کو فروغ مل رہا ہے۔
دہلی قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے زیرِ اہتمام ملک کے مختلف بڑے شہروں میں کتاب میلوں کا انعقاد باقاعدگی سے عمل پیرا ہے، ساتھ ہی محب اردو والوں کے لئے ان کی پسندیدہ کتاب جس کا انہیں انتظار رہتا ہے باآسانی کتاب میلے سے دستیاب ہوتی ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں میں اردو میلے کا انعقاد فروغِ اردو کے لئے بڑا کام ہے۔ اس طرح کسی غیر سرکاری تنظیم کی قیادت میں اس پیمانے پر کتاب میلہ اور تعلیمی نمائش کا اہتمام ایک قابلِ تقلید اور منفرد مثال ہے۔ ایجوکیشن ایکسپو کے روحِ رواں صدر عبدالباسط مائنڈز ان موشن فاؤنڈیشن، جن کی کاوشوں سے یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔
ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح 14 نومبر 2025 کو ہوا تھا اور یہ 21 نومبر 2025 تک جاری رہے گا، دوران تقریب تعلیمی، ادبی اور فکری سرگرمیوں کا ایک جامع اور متنوع سلسلہ پیش کیا جا رہا ہے۔ جس میں محب اردو کے ساتھ نسلِ نو میں اردو کی تئیں دلچسپی اور مطالعے کا شوق پروان چڑھ رہا ہے۔ اردو کارواں کا یہ عمل قابلِ مبارکباد کے ساتھ قابلِ ستائش کام ہے۔