کولکاتا11دسمبر: مغربی بنگال کی چیف منسٹر اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانیکے خلاف جدوجہد کی قیادت کریں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز اس عمل کی آڑ میں خواتین سمیت لاکھوں جائز ووٹروں کو ووٹر لسٹ سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کرشن نگر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ایس آئی آر کا مقصد بنگال کے عوام کو ان کے دستوری حقوق سے محروم کرنا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ’’آسام میں SIR کیوں نہیں ہو رہا؟ کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ آسام بی جے پی کی حکومت والی ریاست ہے؟‘‘ ممتا بنرجی نے خواتین سے کہا کہ اگر ان کا نام ووٹر لسٹ سے کاٹنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں۔انہوں نے کہا :’’اگر وہ آپ کے نام کاٹتے ہیں، تو آپ کے گھروں میں جو باورچی خانے کے اوزار ہیں ، وہی آپ کی طاقت ہیں۔ کیا آپ میں ہمت ہے؟ اگر وہ آپ کا نام ہٹا دیں، تو آپ انہیں روکیں گی۔ خواتین آگے رہ کر قیادت کریں گی اور مرد ان کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔ میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ کیا بی جے پی ہماری خواتین کی طاقت کا مقابلہ کر سکتی ہے۔‘