نئی دہلی25نومبر: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج ’ریکھا کا دھوکہ‘ عنوان سے منعقد پریس کانفرنس میں بی جے پی حکومت کے انتخابی وعدوں کو یاد دلایا۔ انھوں نے 24 اکبر روڈ واقع کانگریس ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کے ذریعہ دہلی کی خواتین کو 2500 روپے نہ دینے کے دھوکہ کو بے نقاب کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی نے دہلی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔‘‘اس پریس کانفرنس میں دیویندر یادو کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین، سکریٹری انچارج و سابق رکن اسمبلی دانش ابرار اور سکھوندر سنگھ ڈینی، کمیونیکیشن شعبہ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج، مہیلا کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری نیتو ورما، دہلی مہیلا کانگریس کی صدر پشپا سنگھ بھی موجود تھیں۔ ان سبھی نے پریس کانفرنس میں ریکھا گپتا کی تصویر کے ساتھ 2500 روپے کا ’ڈمی چیک‘ پیش کیا، جس کے پمفلٹ کانگریس کارکنان تمام اسمبلی حلقوں میں ہر گھر تک پہنچائیں گے۔ اس عمل کے ذریعہ دہلی کی خواتین کو ریکھا حکومت کے دھوکہ کی یاد دلائی جائے گی، عوام کو بتایا جائے گا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آتے ہی دہلی کی ہر خاتون کو 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، جس کا اعلان خود وزیر اعظم نریندر مودی نے کھلے اسٹیج سے عوام کے سامنے کیا تھا۔ یہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہو سکا ہے۔
میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی مسلسل حزبِ اختلاف کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ہم عوام کے درمیان جا کر بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کو مسلسل بے نقاب کرتے رہیں گے۔ بی جے پی نے خواتین کو 2500 روپے دینے کا وعدہ 9 ماہ گزرنے تک بھی پورا نہیں کیا اور ہولی و دیوالی جیسے تہوار بھی گزر چکے ہیں۔ اس مقصد کے لیے دہلی حکومت نے 5100 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کر کے خواتین کو جلد 2500 روپے دینے کے لیے کمیٹی بنانے کی بات کہی تھی۔ دہلی کی عوام وزیر اعلیٰ سے پوچھ رہی ہے کہ کیا کوئی کمیٹی بنی؟ کیا کوئی نوٹیفکیشن جاری ہوا؟ یا کوئی ضابطہ تیار کیا گیا؟ انتخاب کے وقت جو رجسٹریشن کیے گئے تھے، ان کا کیا ہوا؟ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب دہلی میں حالات بگڑ چکے ہیں اور خواتین کے گھروں کی رسد شدید معاشی دباؤ میں ہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بیٹھی ریکھا گپتا خود خاتون ہوتے ہوئے بھی خواتین کی پریشانی کو سمجھنا نہیں چاہتیں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے انہیں دھوکہ دے رہی ہیں۔









