نئی دہلی، 24 نومبر (یو این آئی ) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پہلے بلائنڈ ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی ہندوستانی نابینا (بلائنڈ)خواتین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے محرک ثابت ہوگی۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے لکھا”سخت محنت، ٹیم ورک اور مضبوط عزم کی شاندار مثال۔ ہر کھلاڑی ایک چیمپئن ہے!”انہوں نے کہا کہ ٹیم کی یہ شاندار فتح مستقبل کی نسلوں کو تحریک بخشے گی۔وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ”یہ واقعی ایک تاریخی کامیابی ہے۔ ٹیم کو آئندہ بھی کامیابیوں کے لیے میری نیک خواہشات!”مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے بھی اس تاریخی فتح کو سراہتے ہوئے اسے ملک کے لیے قابلِ فخر لمحہ قرار دیا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا ہندوستانی کھیلوں کے لیے ایک تاریخی دن۔ نابینا خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2025 میں شاندار جیت پر ٹیم انڈیا کو مبارکباد۔
انہوں نے کہا کہ یہ جیت کھلاڑیوں کے عزم اور ملک کے لیے اعزاز جیتنے کے جذبے کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اس جیت سے آج ترنگا اور بلند ہو کر لہرا رہا ہے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلا بلائنڈ ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ “قابلیت کی نئی سرحدیں طے کرتا ہے اور ہندوستان سمیت دنیا بھر کے معذور کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑی تحریک ہے۔
“قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستان نے اتوار کو کولمبو کے پی سارا اوول میں کھیلے گئے فائنل میں نیپال کو سات وکٹ سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔