گوہاٹی، 22 نومبر (یو این آئی ) کُلدیپ یادو (تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستانی بولرز نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کے 247 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ کرکے ٹیم کو میچ میں واپسی دلا دی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور رائن رِکلٹن نے ایک مضبوط شروعات فراہم کی اور پہلے وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑے۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی 27ویں اوور میں جسپریت بمراہ نے دِلائی جب انہوں نے ایڈن مارکرم کو بولڈ کر دیا۔ مارکرم نے 81 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ اس میچ میں چائے کا وقفہ لنچ سے پہلے لیا گیا۔چائے کے وقفے کے فوراً بعد پہلے ہی اوور میں کُلدیپ یادو نے رائن رِکلٹن کو آؤٹ کرکے بھارت کو دوسری کامیابی دِلائی۔ رِکلٹن نے 82 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 35 رنز بنائے۔ لنچ تک جنوبی افریقہ کا اسکور دو وکٹ پر 156 تھا۔ ٹیمبا باووما اور ٹرسٹن اسٹبز نے تیسرے وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔
لنچ کے بعد 58ویں اوور میں روندر جیڈیجا نے ٹیمبا باووما کو یشسوی جیسوال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ھندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ باووما نے 92 گیندوں میں پانچ چوکوں کے ساتھ 41 رنز بنائے۔ اس کے بعد نصف سنچری کی جانب بڑھ رہے ٹرسٹن اسٹیبز کو کُلدیپ یادو نے اپنی گیند پر شکار بنایا۔ اسٹیبز نے 112 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔ ویان مُلڈر بھی 13 رنز بنا کر کُلدیپ کا شکار بنے۔خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے روک دیا گیا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور 81.5 اوورز میں چھ وکٹ پر 247 رنز تھا۔ سینورن میتھوسامی (25 ناٹ آؤٹ) اور کائل ویریں (1 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ دن کا آخری وکٹ محمد سراج نے ٹونی ڈی جورجی کو آؤٹ کرکے حاصل کیا۔ ڈی جورجی نے 59 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔