بھوپال ۔ 20/نومبر( پریس ریلیز) فیڈریشن آف ایم پی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FMPCCI) کے زیرِ اہتمام ’’فِیڈ ایکسپو 2025‘‘ کل 21 نومبر سے جی آئی اے ایگزیبیشن سینٹر، بھوپال میں منعقد ہوگا۔ یہ تین روزہ نمائش 23 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس ایکسپو میں سو سے زائد ایم ایس ایم ای ادارے اپنے صنعتی و تجارتی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔ نمائش کا مقصد صنعتوں، سرکاری اداروں اور ایم ایس ایم ای یونٹس کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینا، کاروباری تعاون کو مضبوط بنانا اور نئی تجارتی راہیں کھولنا ہے۔ اس موقع پر بھارت ہیوی الیکٹرکلس لمیٹڈ (BHEL)، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ (BEML)، ایچ ای جی، ریلوے، دفاعی ادارے، بینا ریفائنری سمیت متعدد سرکاری و نجی ادارے سرگرم شرکت کریں گے۔ایکسپو کے دوران ’’وینڈر ڈیولپمنٹ اینڈ بائر سیلر میٹ‘‘ کے تحت بڑی کمپنیاں اپنی خریداری پالیسیوں، وینڈر رجسٹریشن کے طریقِ کار اور سپلائی چین کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گی۔ مختلف ورکشاپس اور سیمینار میں تکنیکی اختراعات، ایم ایس ایم ای فنانس، برآمدات کے فروغ اور سرکاری خریداری پالیسیوں پر گفتگو کی جائے گی۔بین الاقوامی سطح پر روس، عمان، تائیوان اور کئی دیگر ملکوں کے صنعتی نمائندے بھی اس ایکسپو میں شریک ہوں گے، جس سے صوبے کی صنعتی اکائیوں کو بیرونی سرمایہ کاروں سے روابط کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران بی ٹو بی اور بی ٹو جی میٹنگز منعقد ہوں گی، جن میں سرمایہ کاروں، بینکوں اور وینچر کیپیٹلسٹس کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔صوبے کی تعلیمی ادارے اور اسٹارٹ اپس بھی فِیڈ ایکسپو کا حصہ بنیں گے۔ اسٹارٹ اپس کے لیے خصوصی ’’پچنگ سیشن‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں وہ معروف سرمایہ کاروں جیسے یگنیش سنگھراجکا، پُروشتم مدانی، ویوک کرشنا، اننیا سرکار، نیتن دیشوال اور چاہت اگروال کے سامنے اپنے آئیڈیاز اور پروڈکٹس پیش کریں گے۔ ان سرمایہ کاروں کا مجموعی کاروبار ایک ہزار کروڑ روپے کے قریب ہے۔
فیڈریشن کے صدر جناب دیپک شرما نے ریاست کے صنعت کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے کاروبار کو نئی سمت دیں۔ پریس کانفرنس میں گووندپورہ ایسوسی ایشن کے صدر جناب وجے گور، فیڈریشن کی انتظامی کمیٹی کے اراکین جناب یوگیش گوئل، سی بی مالپانی اور راجیو جین بھی موجود تھے۔مزید معلومات کے لیے فیڈریشن کے دفتر، بھوپال سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔









