بھوپال 10 نومبر :وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہردہ ضلع تیزی سے صد فیصدآبپاشیدہ ضلع بننے کی طرف گامزن ہے۔ شہید الاپ سنگھ مائیکرو لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ ہردہ ضلع میں جاری ہے۔ تقریباً 756.76 کروڑ روپے کی لاگت کا یہ پروجیکٹ ہردہ ضلع میں 39,976 ہیکٹر اراضی کو مستقل آبپاشی کی سہولت فراہم کرے گا۔ گزشتہ 16 ماہ میں 42 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ پروجیکٹ ہردہ ضلع میں توا آبپاشی پروجیکٹ کے آخری سرے تک ربیع کی فصل کی آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرے گا۔ اس سے ضلع کے ان تمام کسانوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو پہلے کمانڈ ایریا کے دیہات میں کوئی اسکیم نہ ہونے کی وجہ سے آبپاشی کی سہولت سے محروم تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے پر ہردہ ریاست کا پہلا صد فیصدآبپاشیدہ ضلع بن جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ایک کروڑ ہیکٹر زرعی اراضی کو آبپاشیدہ کرنا ہمارا بنیادی ہدف ہے اور ہم منصوبہ بند طریقے سے اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو پیر کو منترالیہ میں نرمدا ویلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 268ویں ، نرمدا کنٹرول بورڈ کی 85ویں اور نرمدا بیسن پروجیکٹس کمپنی لمیٹڈ کے گورننگ بورڈ کی 33ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔ میٹنگ میں نرمدا ویلی اتھارٹی اور نرمدا کنٹرول بورڈ کے ذریعہ تجویز کردہ تمام پروجیکٹ تجاویز اور ان کی دفعات کو منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست میں زیر تعمیر تمام مائیکرو، اسمال اور میڈیم اور بڑے زمرے کے آبپاشی پروجیکٹوں اور آبی تحفظ کے ڈھانچوں کے تعمیری کام کی موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے محکمہ کے افسران کو واضح ہدایات دیں کہ ریاست میں زیر تعمیر پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں ہرحال میں مکمل کیا جائے اور اس کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے۔ نرمدا بیسن پروجیکٹس کمپنی لمیٹڈ کے ذریعہ چلائے جانے والے منصوبوں کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیر تعمیر پروجیکٹ کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایشیائی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطہ قائم کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں آبپاشی کی سہولیات کی توسیع سے متعلق تمام تعمیراتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا ئے ۔ محکمہ کے سینئر افسران مرکزی حکومت کی جل شکتی وزارت کے ساتھ مسلسل تال میل برقراررکھیں اور ریاست کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے توجہ سے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجین میں دریائے شپرا پر گھاٹوں کی تعمیر، آبی تحفظ کے ڈھانچے اور دیگر پروجیکٹوں کوسنہستھ 2028 کے لیے دسمبر 2027 تک مکمل ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں کے ساتھ مشترکہ ندی لنک پروجیکٹوں پر سرگرمی سے کام کیا جائے تاکہ مدھیہ پردیش کے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ آبی سرمایہ کا فائدہ ملے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اجین میں گئوشالہ، گھاٹ اور دھرم شالوں کی تعمیر میں مذہبی اور خیراتی تنظیموں کی شراکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر ضرورت ہو تو کمپنیوں کے سی ایس آر فنڈ سے بھی تعاون لیا جائے۔