بھوپال 10 نومبر: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش نے ہوا بازی کے شعبے میں ملک بھر میں ایک اہم مقام قائم کیا ہے۔ ریوا-دہلی-ریوا فلائٹ سروس وِندھیا خطے کی ترقی کے لیے نئے دروازے کھول رہی ہے۔ وہ علاقہ جہاں کبھی ریل سروس نہیں تھی اب ہوائی سروس حاصل کر رہی ہے۔ پہلے ریوا سے دہلی کا سفر کرنے میں تقریباً 15 گھنٹے لگتے تھے لیکن اب یہ فاصلہ تقریباً 2 گھنٹے میں آسانی سے طے کیا جائے گا۔ وندھیا کے لوگ بھی فخر سے کہہ سکیں گے کہ دہلی اب زیادہ دور نہیں ہے۔ وندھیا علاقہ پورے ملک کا ایک بڑا صنعتی اور مذہبی مرکز ہے۔ معدنی دولت اور صنعتوں سے مالا مال یہ خطہ ماں شاردا دھام میہر اور چترکوٹ کے عقیدے سے بھی وابستہ ہے۔ ہوائی سروس باندھو گڑھ نیشنل پارک، پنا نیشنل پارک، کھجوراہو، اور امر کنٹک سے رابطے میں بھی اضافہ کرے گی۔ یہ فضائی سروس معدنیات کی صنعت کی سرگرمیوں، مذہبی مقامات اور قومی پارکوں کے لیے نعمت ثابت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو پیر کو منترالیہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریوا-نئی دہلی فلائٹ سروس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل، وزیر مملکت شہری ترقیات ورہائشات محترمہ پرتیما باگری اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ موثر عوامی قیادت کے باوجود وِندھیا خطہ میں طویل عرصے سے ریل کی سہولیات کا فقدان ہے۔ یہ بات مشہور ہے کہ مضبوط نقل و حمل کسی بھی ریاست کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ریوا-دہلی فلائٹ سروس آج شروع ہو رہی ہے اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ریاست میںمیڈیکل اور سیاحت کے لیے ہیلی کاپٹر خدمات کو بڑھایا جا رہا ہے۔ پی ایم شری ایئر ایمبولینس سروس جیسے اختراعی اقدامات نے ہنگامی طبی امداد میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ یہ سروس دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے نعمت ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش ان ریاستوں میں شامل ہے جو ہوا بازی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ ایک واضح عزم کے ساتھ ریاستی حکومت ہر 150 کلومیٹر پر ایک تجارتی ہوائی اڈہ، ہر 75 کلومیٹر پر ایک ہوائی پٹی، اور ہر 45 کلومیٹر پر ایک ہیلی پیڈ فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ پچھلے دو سالوں میں ریوا، ستنا اور دتیا میں تین نئے ہوائی اڈے کھلے ہیں۔
اس سے پہلے پچھلے 68 سالوں میں صرف پانچ ہوائی اڈے تیار ہوئے تھے۔ آج ریاست میں آٹھ ہوائی اڈے، 20 ہوائی پٹیاں، اور 220 ہیلی پیڈ ہیں۔ اجین اور شیو پوری میں جلد ہی دو نئے ہوائی اڈے تیار کیے جائیں گے۔ مدھیہ پردیش سول ایوی ایشن پالیسی-2025 کو مدھیہ پردیش میں ہوا بازی کے شعبے کی مجموعی ترقی کے لیے لاگو کیا گیا ہے۔
الائنس ایئرچلائے گا ریوا-دہلی فلائٹ سروس
ریوا-دہلی فلائٹ سروس کو مدھیہ پردیش ایوی ایشن پالیسی-2025 کے تحت VGF پروویزنوں کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ فلائٹ سروس الائنس ایئر کے ذریعے چلائی جائے گی۔ ریوا ہوائی اڈے کا افتتاح وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے 2024 میں کیا تھا۔ اسے اب ہوائی اڈوں کے 3C-IFR زمرے میں شامل کیا گیا ہے جس سے رات کی پروازیں ممکن ہو رہی ہیں۔ محکمہ ہوا بازی نے ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر ریوا-دہلی فلائٹ سروس چلانے کے لیے الائنس ایئر کو لیٹر آف ایوارڈ پیش کیا۔ یہ نئی فضائی سروس نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ وِندھیا خطے کی صنعتی، مذہبی اور اقتصادی ترقی کو بھی ایک نئی تحریک دے گی۔ ممبران پارلیمنٹ مسٹر جناردن مشرا، مسٹر گنیش سنگھ، مسٹر راجیش مشرا، ایم ایل اے مسٹرگریش گوتم، مسٹر ناگیندر سنگھ، مسٹرنریندر پرجاپتی، مسٹرسریندر سنگھ گہروار، مسٹروکرم سنگھ، محترمہ ریتی پاٹھک، چیرمین میونسپل کارپوریشن ریوا مسٹر وینکٹیش پانڈے، ضلع پنچایت صدر محترمہ نیتا کول ریوا میں منعقد پروگرام میں موجود تھیں۔









