نئی دہلی 16اکتوبر: ممبئی۔احمدآباد قومی شاہراہ (نیشنل ہائی وے 48) پر بدترین ٹریفک جام کا سلسلہ جمعرات کو پانچویں دن بھی جاری رہا۔ اس شاہراہ پر ہزاروں مسافر، ٹرک ڈرائیور، اور اسکول کے بچے گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے، جب کہ بعض جگہوں پر گاڑیاں کئی کئی کلومیٹر تک رینگتی رہیں۔ یہ جام مبینہ طور پر سڑک کی مرمت کے جاری کام اور بھاری گاڑیوں کے رخ موڑنے کے باعث شروع ہوا تھا۔ ممبئی احمدآباد ہائی وے بھارت کی مصروف ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، جو مہاراشٹر اور گجرات کو جوڑتی ہے۔ اس اہم تجارتی و سفری راستہ پر ناقص منصوبہ بندی اور تاخیر شدہ مرمت کے کاموں نے عوامی تکلیف کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ طویل قطاروں کے سبب ایمبولینسیں بھی جام میں پھنس گئیں، کئی مسافر اپنی پروازیں اور ٹرینیں مِس کر گئے، جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کو پانی اور کھانے کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر وسائی اور پالگھر کے قریب ٹریفک کی صورتحال انتہائی خراب رہی جہاں گاڑیاں کئی گھنٹوں تک رکی رہیں۔ ٹریفک جام کی شدت اور بدانتظامی پر شہریوں نے سوشل میڈیا پر شدید غصہ ظاہر کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ممبئی سے ادے پور تک کا سفر جو عام طور پر 9 گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے، اب 19 گھنٹے میں طے ہوا۔









