چنئی 27ستمبر: تمل ناڈو کے کرور ضلع میں مشہور تمل اداکار اور TVK پارٹی کے سربراہ وجے کی ریلی کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلی میں اتنی زیادہ بھیڑ جمع ہو گئی کہ بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ رپورٹس کے مطابق، اس بھیڑ میں بچے اور پارٹی کے کارکنان بھی شامل تھے، جن میں سے کئی ایک دم گھٹنے کی وجہ سے بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ اس حادثے میں 31 افراد کی موت کا اندیشہ ہے، جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکار وجے نے حالات کو دیکھتے ہی فوراً اپنی تقریر روک دی اور اسٹیج سے پانی کی بوتلیں پھینک کر بھیڑ کی مدد کرنے کی کوشش کی۔ زخمیوں اور بے ہوش افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو ایمبولینسز کے ذریعے بھیڑ کے درمیان سے گزرنے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے سابق وزیر وی سینتھیل بالاجی، وزیر صحت ایم سبرامنین، اور ضلع کلکٹر کو فوری طور پر متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تروچیراپلی کے وزیر انبل مہیش کو بھی راحت کاری میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے اے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر صورتحال پر قابو پانے کے لیے قدم اٹھائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹروں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ TVK چیف اداکار وجے کی نمککل اور کرور میں حالیہ انتخابی ریلیوں میں زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ وجے نے ان ریلیوں میں ریاست کی اہم پارٹیوں DMK اور AIADMK پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان کی پارٹی کا بی جے پی سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا اور نہ ہی وہ جھوٹے وعدوں پر سیاست کرے گی۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر سڑک، صحت کی سہولت، صاف پانی اور سیکورٹی جیسی بنیادی ضروریات پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2026 کا اصل مقابلہ DMK اور TVK کے درمیان ہوگا – یہ عوام کی طاقت اور کرپٹ نظام کے درمیان لڑائی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ہر ہفتے کی شام ریاست بھر کے مختلف اسمبلی حلقوں کا دورہ کریں گے۔









