سرسہ، 23 ستمبر (یواین آئی) جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے قومی صدر ڈاکٹر اجے سنگھ چوٹالہ نے کہا کہ آج ملک میں اگرچہ وزیر اعظم نریندر مودی ہیں لیکن ان کی حکومت صنعتکار اڈانی اور امبانی چلا رہے ہیں، جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں سرمایہ داروں کی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کی جائیداد، ریلویز سمیت، اڈانی اور امبانی کے نام گروی رکھی جا رہی ہے۔ڈاکٹر چوٹالہ منگل کے روز یہاں اناج منڈی میں نوجوان یوودھا کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک اور ریاست میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور یہ تبدیلی صرف نوجوان ہی لا سکتے ہیں۔ اس کی شروعات ہریانہ کی سرزمین سے ہوگی۔اس سے پہلے ہریانہ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ دشینت سنگھ چوٹالہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی مسلسل نظر اندازی کے باعث پورے ہریانہ کے نوجوانوں میں غصہ پایا جا رہا ہے اور اس کی شروعات سرسا سے اس نوجوان یوودھا کانفرنس کے ذریعے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسہ سے شروع کی گئی اس مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست میں کسی ایک مقام پر بڑا پروگرام منعقد کر کے نوجوان نسل کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔