احمد آباد20ستمبر: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کو گجرات کے بھاونگر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اسی دن انہوں نے جدید ترین ممبئی انٹرنیشنل کروز ٹرمینل کا بھی افتتاح کیا۔ بھاونگر میں ایک شاندار روڈ شو کے دوران انہوں نے عوام سے ملاقات اور آشیرواد قبول کیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے دوسرے ممالک پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ بیرونِ ممالک پر منحصر رہنا ہمارے ملک کی ناکامی کی علامت ہے۔ اگر ہم دوسروں پر منحصر رہیں گے تو ہماری خودِ داری کو نقصان پہنچے گا۔ ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے۔‘‘ یہ دورہ گجرات کو سمندری تجارت، قابل تجدید توانائی، صحت اور شہری ترقی میں ایک مشہور ریاست بنانے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ وزیراعظم مودی بھاونگر، دھولیرہ اور لوٹھل کا دورہ کریں گے جہاں وہ سمندری اور صنعتی ترقی پر زور دیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’وشوکرما جینتی سے لے کر گاندھی جینتی تک پورے ملک میں لاکھوں لوگ خدمت پکھواڑے منا رہے ہیں۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ گجرات میں پچھلے دو،تین دنوں کے دوران خدمت پکھواڑے کے دوران متعدد پروگرام ہوئے۔ سینکڑوں مقامات پر خون دینے کے کیمپ لگے جن میں اب تک ایک لاکھ افراد نے خون عطیہ کیا ہے۔








