لکھنو 17ستمبر: اترپردیش میں آوارہ کتوں کی خیرنہیں۔حکومت نے انہیں جیل بھیجنے کی تیاری کرلی ہے ۔۔چونک گئے نہ آپ ! سب کتے جیل نہیں جائینگے،کونسے کتے کو جیل ہوگی پوری تفصیل یہاں جانیئے۔ ڈاکٹر وجے امرت راج، ویٹرنری اینڈ اینیمل ویلفیئر آفیسر، پریاگ راج میونسپل کارپوریشن کے مطابق، اگر کوئی کتا کسی انسان کو بغیر کسی اشتعال (Unprovoked) کے کاٹتا ہے تو اسے فوری طور پر جانوروں کے مرکز (Animal Centre) میں 10 دن کے لیے رکھا جائے گا۔ اس مدت کے دوران اس کا مشاہدہ کیا جائے گا، اور اگر وہ پہلے سے نس بندی (Sterilised) نہ ہوا ہو تو اس کی نس بندی کی جائے گی، ساتھ ہی مائیکروچِپ لگاکر اسے اسی علاقے میں واپس چھوڑ دیا جائے گا جہاں سے پکڑا گیا تھا۔
لیکن اگر وہی کتا دوبارہ کسی شخص کو بغیر اشتعال کے کاٹے تو اس پر سخت ترین کارروائی ہوگی۔ ایسے کتے کو اس کی پوری زندگی کے لیے جانوروں کے مرکز میں قید رکھا جائے گا۔ تاہم اگر کوئی شخص اس کتے کو گود (Adopt) لینا چاہے تو اسے عدالت میں حلف نامہ دینا ہوگا کہ وہ اس کتے کی زندگی بھر دیکھ بھال کرے گا اور اسے دوبارہ سڑک پر نہیں چھوڑے گا۔









