جے پور10ستمبر: راجستھان قانون ساز اسمبلی نے منگل کے روز مانسون اجلاس کے دوران ’’راجستھان پروہیبیشن آف ان لا فل ریلیجیس کنورژن بل، 2025‘‘ کو منظور کرلیا۔ اس بل کے تحت زبردستی، دھوکہ دہی، لالچ یا دباؤ کے ذریعے کی جانے والی مذہبی تبدیلی کو سخت جرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سات سال سے عمر قید تک رکھی گئی ہے۔ وزیر قانون جوگرام پٹیل نے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ یہ بل اسمبلی میں شدید اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود منظور کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:’’کانگریس کے کچھ اراکین چاہتے تھے کہ اس بل پر بحث نہ ہو، ان کا احتجاج قابل مذمت تھا۔ لیکن ہم نے یہ تاریخی قدم اٹھایا اور قانون منظور کیا۔‘‘پٹیل کے مطابق اس قانون کو بنانے سے پہلے ملک کی دیگر ریاستوں کے ایسے قوانین کا مطالعہ کیا گیا ہے تاکہ اسے زیادہ مؤثر بنایا جاسکے۔راجستھان کے وزیر اویناش گہلوت نے کانگریس پر اقلیتی طبقے کو خوش کرنے کی سیاست کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا:’’کانگریس نے اس بل کی بحث میں حصہ نہیں لیا کیونکہ ان کے چار ایم ایل اے اقلیتی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس آج اس صورتحال میں ہے۔‘‘وزیر جواہر سنگھ بیڈھم نے اسے ریاست کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ ان کے بقول، ’’راجستھان اسمبلی نے آج زبردستی کی جانے والی مذہبی تبدیلی کے واقعات پر روک لگانے کے لیے سخت قانون دیا ہے۔‘‘دوسری جانب، اپوزیشن لیڈر ٹیکا رام جُلی نے اس قانون کو بی جے پی کا سیاسی ایجنڈا قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ’’سب سے پہلے تو اعداد و شمار پیش کرنے چاہئیں۔ پچھلے پانچ برس میں صرف 13 کیسز سامنے آئے ہیں، نہ کوئی خون خرابہ ہوا اور نہ بڑے پیمانے پر مذہب تبدیلی ہوئی۔ پھر اتنی جلدی قانون لانے کی کیا ضرورت تھی؟‘‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی قانون کو لانے سے پہلے اس کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی مختلف ریاستوں میں ایک ہی ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے۔ راجستھان میں چونکہ ’’عمر قید‘‘کی سزا شامل کی گئی ہے، اس لیے خدشہ ہے کہ یہ قانون سب سے زیادہ تنازعات پیدا کرے گا۔ اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو راجستھان انسداد مذہب تبدیلی بل 2025 سختی کے لحاظ سے ملک بھر میں سب سے آگے ہے۔ یوپی اور ایم پی میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید ہے، جبکہ راجستھان نے پہلی مرتبہ عمر قید کی سزا شامل کرکے اسے مزید سخت بنا دیا ہے۔
Whatsapp
Facebook
Telegram
Twitter
نیوز18اردو ہندوستان میں اردو کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ برائے مہربانی ہمارے واٹس چینل کو لائیو، تازہ ترین خبروں اور ویڈیوز کے لئے فالو کریں۔آپ ہماری ویب سائٹ پر خبروں، تصاویر اور خیالات کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ، کرکٹ جیسے کھیلوں اور لائف اسٹائل سے منسلک مواد دیکھ سکتے ہیں۔ آپ ہمیں، ایکس، فیس بک، انسٹاگرام، تھریڈز،شیئرچیٹ، ڈیلی ہنٹ جیسے ایپس پر بھی فالوکرسکتے ہیں۔
Tags: Anti Conversion Bill , Rajasthan Government
First Published : September 10, 2025, 3:15 pm IST









