بھوپال:07؍ستمبر:ریاست میںمحکمہ اسکولی تعلیم نے پرائیویٹ اسکولوں کے ذریعہ فیسوں میں بے قاعدگی سے اضافے کو روکنے کے لیے دفعات نافذ کی ہیں۔ اس کے علاوہ کسی خاص دکان سے کتابیں، یونیفارم، ٹائی اور کاپیاں نہ خریدنے سے متعلق قوانین بھی لاگو ہوتے ہیں۔
ان رول میں مذکور دفعات کے تحت سٹیشنری، ریڈنگ میٹریل، بیگز، یونیفارم،ا سپورٹس کٹس، ٹرانسپورٹ کی سہولیات اور پرائیویٹ اسکولوں میں استعمال ہونے والی فیسوں سے جمع ہونے والی رقم کی تفصیلات اسکول کے نوٹس بورڈ اور آفیشل ویب سائٹ پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایات ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکول انتظامیہ کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ سیشن کی کلاس وائز اور آئٹم وائز فیس کا مجوزہ ڈھانچہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے فیس ریگولیشن پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔
اس سال ریاست کے تقریباً 10 ہزار 200 نجی اسکولوں نے فیس کی تفصیلات پورٹل پر اپ لوڈ کی ہیں۔ ریاست کے وہ اسکول جن کی کسی بھی کلاس کی سالانہ فیس کا ڈھانچہ 25 ہزار روپے یا اس سے کم ہے، انہیں پورٹل پر فیس کے ڈھانچے کی معلومات اپ لوڈ کرنے سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ان اسکولوں کو اس سلسلے میں پورٹل پر حلف نامہ اپ لوڈ کرنے کے لیے ایک مقررہ تاریخ بھی دی گئی تھی۔ مقررہ وقت میں معلومات اپ لوڈ نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف ضلعی کمیٹی قانونی کارروائی کرے گی۔ ریاست میں پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کو دور کرنے کے لیے کلکٹر کی صدارت میں ضلع کمیٹی بھی کام کر رہی ہے۔









