نئی دہلی4ستمبر: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی میں پیدا سیلاب والے حالات پر اپنی شدید فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں دریائے جمنا نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے اور پانی خطرناک حد تک نشیبی علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی جانب سے مناسب تعداد میں راحتی کیمپ قائم نہیں کیے گئے، اور جو کیمپ لگائے گئے ہیں وہ بھی غیر منظم اور ناکافی سہولیات کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ شاید بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت کو اس معاملے میں تجربے کی کمی ہے، یہی وجہ ہے کہ راحتی کیمپ کہاں اور کس قسم کی سہولیات کے ساتھ لگائے جائیں، اس کا کوئی واضح نظام نظر نہیں آ رہا۔ ان کیمپوں میں کھانے پینے سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت ہے اور ہزاروں افراد اس وقت سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 31 اگست 2025 کو کانگریس نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، لیکن حکومت نے ان انتباہات کو نظرانداز کیا اور اس کا خمیازہ آج دہلی کی عوام بھگت رہی ہے۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی اعلانات تو کیے گئے، لیکن حقیقت میں ریلیف کیمپ صرف دکھاوے کے لیے لگائے گئے ہیں۔ کئی کیمپوں میں تو سیلاب کا پانی گھس چکا ہے۔ وہاں نہ ڈاکٹر موجود ہیں، نہ دوا اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات۔
امدادی عملہ بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب خود ریلیف کیمپوں کو ریلیف کی ضرورت ہو، تو عام لوگوں کو کیا سہارا ملے گا؟ لگتا ہے حکومت کا مقصد صرف یہ ہے کہ کیمرے میں ریلیف کا کام نظر آ جائے، چاہے عوام کو کوئی فائدہ ہو یا نہ ہو۔ دیویندر یادو نے اپنے بیان میں بتایا کہ جمنا کے کنارے بسنے والی کالونیوں میں گھروں تک پانی داخل ہو چکا ہے۔ بدرپور کھادر، گڑھی، مڈو، پرانا عثمان پور گاؤں، جمنا کھادر، جمنا بازار، نگم بودھ گھاٹ، مونیٹری، لوہے کا پل، آئی ایس بی ٹی اور وشو کرما کالونی مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ٹی او، دہلی سکریٹریٹ، نجف گڑھ کی کالونیاں اور کالندی کنج میں پانی لبالب بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پانی میں ڈوبنے کے دہانے پر ہے اور ایسے وقت میں آبپاشی و سیلاب کنٹرول کے وزیر پرویش ورما کا یہ بیان دینا کہ ’دہلی میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں‘ عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی، سیاست سے متاثر سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔