نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کو لے کر پہلی بار ٹی وی کیمروں کے سامنے اپنا ردعمل دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جی ایس ٹی کی نئی اصلاحات سے پنیر سے لے کر ڈائی فروٹ تک ہر چیز پہلے سے سستی ہو گئی ہے۔ ہم نے جی ایس ٹی سے متعلق جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیا ہے۔ یہ اصلاحات کی ڈبل ڈوز ہے۔ جی ایس ٹی کو کم کرنے سے لوگوں کے طرز زندگی میں بہتری آئے گی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ جی ایس ٹی کی شرح میں کمی سے کاروبار کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ اصلاحات سے لوگوں کے ہاتھ میں پیسہ آئے گا اور کھپت بڑھے گی جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔ پی ایم نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی تقریباً آٹھ فیصد ہے۔ ہم دنیا میں سب سے تیز رفتاری سے ترقی کر رہے ہیں۔ ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔ پی ایم مودی یوم اساتذہ سے ایک دن پہلے قومی ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے بات کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ کا کام کلاس روم سے بہت آگے تک جاتا ہے۔ وہ نوجوانوں کی کردار سازی اور تجسس کو فروغ دیتے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ کانگریس کے دور میں کسان ناخوش تھے۔ کانگریس کسانوں سے کاشتکاری کے آلات پر بھاری ٹیکس لیتی تھی۔ اس پر ہم نے کسانوں کو ریلیف دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسی اصلاحات جاری رہنی چاہئیں۔ یہ آزادی کے بعد سب سے بڑا فیصلہ ہے۔








