رائے پور 3ستمبر:چھتیس گڑھ کے بلرام پور ضلع میں خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ضلع میں ایک چھوٹے سے پشتہ کا ایک حصہ ٹوٹ گیا جس کے بعد اچانک سیلاب آ گیا۔ اس حادثے میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 3 لوگ لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ افسروں نے بدھ کو اس واقعہ کے بارے میں اطلاع دی۔ افسروں نے بتایا کہ شدید بارش ہونے کے بعد منگل کی دیر رات بلرام پور ضلع کے دھنیش پور گاؤں میں واقع لوٹی پشتہ میں درار آ گئی۔ اس آبی ذخائر کی تعمیر سال 1980 کی دہائی کے ابتدا میں کی گئی تھی۔ درار پڑنے کی وجہ سے آبی ذخائر کا پانی درار کے توسط سے آس پاس کے گھروں اور کھیتوں میں داخل ہو گیا جس سے علاقے میں اچانک سیلاب آ گیا۔ آبی ذخائر میں پانی کا دباؤ بڑھا تو ایک حصہ ٹوٹ گیا۔ پشتہ کا پانی پوری رفتار سے نیچے کی طرف بہنے لگا۔ اس سے تقریباً 300 میٹر کے فاصلے پر رام ورکچھ کا گھر سیلاب کی زد میں آ گیا۔ رام ورکچھ جاگ رہا تھا۔ تیز آواز کی وجہ سے ممکنہ طور وہ مویشیوں کو دیکھنے گیا تھا اس لیے کسی طرح بچ نکلا لیکن گھر میں سو رہی اس کی بیوی، دو بہو، تین پوتا-پوتی بہہ گئے۔ پورا گھر سیلاب کی زد میں آ گیا۔ اس کے نزدیک ہی ایک دیہی نے مویشیوں کو رکھنے کے لیے بتھان بنا کر رکھا تھا۔ ایک کچا گھر بھی تھا۔ یہ گھر اور بتھان بھی آبی ذخائر کے پانی کی زد میں آ گیا۔ دیر رات گاؤ والوں کو واقعہ کی اطلاع ملی تو افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ضلع انتظامیہ رکن دھیر سنگھ دیو کی اطلاع پر ڈی ایم، ایس پی کے ساتھ پورا انتظامی عملہ اور سینکڑوں کی تعداد میں گاؤں والے رات کو ہی جائے حادثہ پر جمع ہو گئے۔ رات سے ہی راحت و بچاؤ کام شروع کیا گیا۔