بھوپال 2ستمبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو سے منگل کومنترالیہ میں وزیر اعظم کے دفتر کے انڈر سکریٹری مسٹر ونود بہاری سنگھ کی قیادت میں افسران کے 38 رکنی نمائندہ وفد نے خیرسگالی ملاقات کی ۔ نمائندہ وفد میں حکومت ہند کی مختلف وزارتوں میں برسرکار انڈر سکریٹریز شامل تھے۔ ان تمام انڈر سیکرٹریز کو اس مڈ کیرئیر کورس کے بعد ڈپٹی سکریٹری کے عہدے پر ترقی دے کر مختلف وزارتوں میں تعینات کیا جائے گا۔ نمائندہ وفد کے ارکان نے مدھیہ پردیش کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران عالمی ثقافتی یادگار سانچی (ضلع رائسین) اور ہل اسٹیشن پچمڑھی (ضلع نرمداپورم) کا بھی دورہ کیا۔ حکومت ہند کے افسران نے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش کی قدرتی حسن اور تاریخی ورثے سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ملک کہ قلب ریاست میں سب کا استقبال ہے۔ مدھیہ پردیش متعد اختراعات کو اپنا کر مختلف شعبوں میں ترقی کے پیمانے پر کام کر رہا ہے۔ صحت کے شعبہ میں شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایمرجنسی میں جان بچانے کے لیے آیوشمان کارڈ ہولڈرز اور دیگر شہریوں کو ایئر ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ اسی طرح میڈیکل کالجوں کے قیام کا کام مسلسل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے حکومت ہند کے افسران کو بتایا کہ پی پی پی ماڈل کی بنیاد پر ضلعی اسپتالوں کو میڈیکل کالج کے طور پر اپ گریڈ کرکے ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس ماڈل کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے لیے محض ایک روپے میں 25 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی فراہمی اور میڈیکل کالج کے انتظام حاصل فیس رقم سے کئے جانے کا انتظام کیاگیاہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو بڑے پیمانے پر فوائد حاصل ہوں گے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نمائندہ وفد کو بتایا کہ جہاں راشٹرپتی بھون کا سینٹرل ڈوم (مین گنبد) سانچی کے استوپ سے متاثر ہے، وہیں پرانے پارلیمنٹ ہاؤس کا ڈیزائن مرینا ضلع کے میتاولی-پراولی واقع 64 یوگنی مندر کی طرح کیا گیا تھا۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا ڈیزائن بھی ریاست کے ودیشہ واقع وجے پور مندر کے ڈھانچے سے ملتا جلتا ہے۔ اس طرح قومی دارالحکومت نئی دہلی میں اہم عمارتوں کی تعمیر میں مدھیہ پردیش کی یادگاروں اور مندروں کے مطابق ڈیزائن ریاست کے لیے فخر کی بات ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نمائندہ وفد کے ارکان کے روشن مستقبل کی نیک خواہشات دیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ دفتر میں ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹرنیرج منڈلوئی نے کہا کہ حکومت ہند کے یہ تمام افسران عوامی بہبود کے نظریہ سے مختلف وزارتوں میں اہم ذمہ داریوں کی ادائیگی کر رہے ہیں ۔









