پٹنہ یکم ستمبر:16 دنوں پر مشتمل کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ آج عظیم الشان ’ووٹر ادھیکار مارچ‘ اور جلسۂ عام کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔ اس جلسۂ عام سے انڈیا بلاک میں شامل کئی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے خطاب کیا اور مودی حکومت کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو بھی نشانے پر لیا۔ تقریب سے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی خطاب کیا جس میں ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل مہاگٹھ بندھن یعنی انڈیا بلاک کے سبھی ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’15 (آج سولہواں دن تھا) دنوں تک چلی اس یاترا نے پورے ملک کو بیدار کر دیا۔ اس میں بی جے پی نے رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں کیں، ہمارے کانگریس دفتر پر حملہ ہوا، لیکن بہار کے لوگوں نے یاترا کو پوری طرح کامیاب بنایا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ملک میں جب بھی کمزور طبقات کے حقوق پر خطرہ پیدا ہوتا ہے، راہل گاندھی ان کی آواز بلند کرتے ہیں۔ ’بھارت جوڑو یاترا‘، ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ اور ’جئے باپو، جئے بھیم، جئے سنویدھان‘، اور اب یہ یاترا اس سلسلہ کا ایک حصہ ہے۔ یہ یاترا بہا رمیں جہاں سے گزری کروڑوں لوگوں نے سڑکوں پر آ کر حمایت دی۔ ملک بھر میں جمہوریت کے حامی ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ پور دنیا میں اس یاترا کی آواز پہنچی۔‘‘








