اندور، یکم ستمبر (یو این آئی) بی جے پی کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا کے بیٹے اور گوالیار ڈویژن کرکٹ ایسوسی ایشن (جی ڈی سی اے) کے نائب صدر مہان آریامن سندھیا کو مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم پی سی اے) کا بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گوالیار کے سابق شاہی خاندان کی تیسری نسل کے 29 سالہ جانشین کے لیے ریاست کے کرکٹ ادارے کی کمان سنبھالنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔مہان آریامن 1957 میں قائم ایم پی سی اے کی تاریخ کے سب سے کم عمر صدر کے طور پر اس تنظیم کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔
ایم پی سی اے کے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر (سی اے او) روہت پنڈت نے پیر کو بتایا کہ ایم پی سی اے انتخابات میں صدر سمیت ایگزیکٹو کے تمام عہدوں پر بلا مقابلہ انتخاب ہوا اور اس طرح پوری ایگزیکٹو کمیٹی کو متفقہ طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم پی سی اے کی نومنتخب ایگزیکٹو پر 2 ستمبر (منگل) کو ہونے والی سالانہ عام میٹنگ (اے جی ایم) میں باضابطہ مہر ثبت کی جائے گی، جس کے بعد عہدیداران اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔پنڈت نے مزید بتایا کہ ایم پی سی اے کی نئی ایگزیکٹو میں وِنیٹ سیٹھیا نائب صدر، سدھیر اسنانی سیکریٹری، ارندھتی کرکیرے مشترکہ سیکریٹری اور سنجیو دوا خزانچی منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم پی سی اے کی مینجمنٹ کمیٹی کے نومنتخب اراکین میں سندیا اگروال، پرسون کنمدیکر، راجیو رسوڑکر اور وِجیش رانا شامل ہیں، جبکہ کرکٹ کمیٹی میں پردیپ بنرجی، رمنیک پٹیل اور ابھی لَگھاٹے کو جگہ دی گئی ہے۔