پٹنہ31اگست: کانگریس رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا ‘ اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ 16 روزہ اس اہم سیاسی مہم کا باضابطہ اختتام کل پیر کے روز ہوگا، جب پٹنہ میں ایک مارچ کے ذریعے یاترا مکمل کی جائے گی۔ یہ مارچ گاندھی میدان میں واقع مہاتما گاندھی کے مجسمے سے شروع ہوگا اور ہائی کورٹ کے قریب بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے تک پہنچے گا۔ یہ یاترا 17 اگست کو سہسرام سے شروع ہوئی تھی اور اب تک بہار کے 25 اضلاع اور 110 سے زیادہ اسمبلی حلقوں سے گزرتے ہوئے تقریباً 1300 کلومیٹر کا سفر طے کر چکی ہے۔ عوامی حمایت کے لحاظ سے یہ مہم مہاگٹھ بندھن کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ مختلف مقامات پر عوام نے اس کا روایتی اور جوشیلے انداز میں استقبال کیا، گھوڑوں، بگھیوں اور بینڈ باجوں کے ساتھ بھی جلوس کو خوش آمدید کہا گیا۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بی جے پی، وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ جگہ جگہ عوامی جلسوں میں ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ کے نعرے لگائے گئے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ تحریک صرف بہار تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے ملک میں پھیلے گی اور اب بی جے پی کو ووٹوں اور انتخابات کی چوری نہیں کرنے دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدوجہد صرف ووٹوں کے تحفظ کی نہیں بلکہ عوامی حقوق کی بحالی کی ہے۔