بھوپال، 27 اگست( پریس ریلیز)جہانگیرآباد بھوپال میں جمعیت المنصور مدھیہ پردیش کے صوبائی انچارج اور سماجی خدمت گار زاہد منصوری کی رہائشگاہ پر او بی سی طبقات کے نمائندہ اجلاس اور اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مختلف برادریوں کے صدور و نمائندگان شریک ہوئے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ ہبا خانم، جو سابق میں ضلع رائسین میں خدمات انجام دے چکی ہیں اور اس وقت بھوپال میں خواتین و اطفال ترقیاتی منصوبہ (CDPO) کی افسر ہیں، کا پُرجوش خیرمقدم اور اعزاز کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ہبا خانم نے کہا کہ “معاشرے کی اصل کامیابی نئی نسل کی تعلیم میں ہے۔ بچوں اور بچیوں کو تعلیم دلانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے تاکہ وہ پڑھ لکھ کر معاشرے کی ترقی اور ملک کی خدمت کر سکیں۔” انہوں نے خواتین و اطفال ترقی محکمہ کی مختلف فلاحی اسکیموں اور سہولیات سے حاضرین کو آگاہ کیا اور سماج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر رفیق قریشی (سابق کارپوریٹر)، حاجی عبدالجبار خان (صدر رنگریز برادری)، وکار انصاری، عرفان میر، شکیل احمد، نسیم خان، اشفاق سلمانی، جاوید مکرانی، اصغر خان، معین گوری سمیت مختلف برادریوں کے قائدین شریک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں شہری بھی موجود رہے۔