چنڈی گڑھ 27اگست: پنجاب میں کئی دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں بھی بارش سے حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ گرداس پور ضلع کے سرحدی علاقوں میں کل دیر رات راوی ندی کا بہاؤ تیز ہو گیا۔ اس سے ڈیرہ بابا نانک میں بین الاقوامی سرحد پر شری کرتار پور کوریڈور درشن استھل دھوسی پشتہ ٹوٹ گیا۔ پاکستان کی سرحد پر بنے کرتارپور کوریڈور کے پُل کے نیچے پانی تیز دھارا میں بہہ رہا تھا۔ آس پاس کے کئی گاؤں میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے۔ دھوسی پشتہ ٹوٹنے سے پوری زرعی زمین بھی زیر آب ہو گئی ہے۔ یہاں رات میں کئی گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے اور ڈیرہ بابا نانک شہر بھی سیلاب کی زد میں ہے۔ لوگ انتظامیہ سے مدد کی گہار لگا رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی سیلاب-بارش سے حالات کافی خراب ہیں۔ وہاں کا پانی ہندوستانی سرحد میں داخل ہو رہا ہے جو حالات کو مزید تباہ کن بنا رہا ہے۔ سرحد کے قریبی گاؤں میں حالات زیادہ خراب ہیں۔ کرتار پور بھی پاکستانی سرحد سے لگا ہوا ہے۔ یہاں سیلاب کا پانی سرحد پر لگی کنٹیلی تاروں کو ڈبو رہا ہے۔ اگر بارش نہیں رکی اور آبی سطح اسی طرح بڑھتی رہی تو کوریڈور کے بھی پانے میں ڈوبنے کا اندیشہ ہے۔ سیلاب سے کرتا پور صاحب گرودواہ احاطہ میں پانی بھرا ہوا ہے۔ یہ گرودوارہ سکھوں کے پہلے گرو گرونانک دیو جی کی آخری آرام گاہ ہے۔ گرودوارے میں 5 سے 7 فٹ تک پانی بھر گیا ہے لیکن گرو گرنتھ صاحب محفوظ ہے۔ ہند-پاک سرحد کے پاس واقع یہ گرودوارہ کرتار پور کوریڈور کھلنے کے بعد پہلی بار سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ کوریڈور حال میں ہندوستان کی طرف سے بند ہے۔ سرحد پر تحفظ کے لیے بی ایس ایف کے جوان ڈٹے ہوئے ہیں۔









