بھوپال:21؍اگست:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی بابولال گور نے ریاست کی ترقی کے لیے تمام سمتوں میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی۔ انہوں نے مزدوروں، غریبوں اور کمزور طبقات کے لیے آواز اٹھائی اور جدوجہد کی۔ انہوں نے ایک مثالی ایم ایل اے کے فرائض بھی ادا کئے۔ ان کا نظم و ضبط اور وقت کے پابند طرز زندگی، عوام سے براہ راست رابطہ اور عوام کے روزمرہ کے مسائل کے تئیں حساسیت نے انہیں ناقابل تسخیر عوامی نمائندہ بنا یا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سابق وزیراعلیٰ آنجہانی بابولال گور کی برسی پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزیر مملکت پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبود ( آزادانہ چارج) شریمتی کرشنا گور کی رہائش گاہ 74 بنگلہ پر پہنچ کر سابق وزیر اعلیٰ بابولال گور کی تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وہاں موجود لوگوں سے بھی خطاب کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھوپال جھیل پر بنائی گئی وی آئی پی سڑک قابل احترام گور صاحب کا تحفہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کا دور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عوامی خدمت کا راستہ مشکل ہے لیکن ان کے رویے اور ہر کسی کی مدد کرنے کے جذبے کی وجہ سے لوگوں کا بابو جی سے گہرا تعلق تھا۔ اپنی زندگی کے اصل وڑن کی وجہ سے وہ عوامی نمائندوں کے لیے احترام اور تحریک کا باعث رہیں گے۔ اس موقع پر کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر وشواس کیلاش سارنگ، ایم ایل اے شری رامیشور شرما، ایم ایل اے شری بھگوان داس سبنانی، دیگر عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں شہر کے باشندے موجود تھے۔