احمد آباد19اگست: گجرات پولیس کی سائبر کرائم برانچ نے ملک بھر میں پھیلے ایک بڑے ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ بین الاقوامی سطح پر منظم نیٹ ورک ہے، جس میں دبئی اور چین میں بیٹھے گروہ شامل ہیں۔ اس ریکٹ نے اب تک ملک بھر میں کروڑوں روپے کی سائبر ٹھگی کو انجام دیا ہے۔ احمد آباد کے جوائنٹ سی پی (کرائم) شرد سنگھل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابھی تک صرف ’سورت ماڈیول‘ کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری میں احمد آباد سائبر کرائم برانچ نے 54 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے ایک معاملے کی جانچ کے دوران اس گروہ کا سراغ لگایا تھا۔ اب تک اس نیٹ ورک سے جڑے 7 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں سے کچھ کو پولیس نے حراست میں لیا ہے اور کچھ عدالتی حراست میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات کے گاندھی دھام اور احمد آباد میں بھی اس گروہ کے خلاف شکایات درج ہوئیں۔ احمد آباد میں ایک متاثرہ سے 32 لاکھ روپے اور گاندھی دھام میں ایک دیگر متاثرہ سے 1.5 کروڑ روپے ہتھیائے گئے۔ پورے ملک میں اب تک اس گروہ کے خلاف 404 شکایات درج ہیں، جن میں صرف دو کیسوں میں 16 کروڑ روپے کی آن لائن ٹھگی سامنے آئی ہے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان دھوکہ دہی سے حاصل رقم کو پہلے ڈمی بینک اکاؤنٹس میں جمع کرتے تھے۔ اس کے بعد وہ رقم کو ’ہنڈی حوالہ‘ اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر دیتے تھے۔ پولیس کے مطابق سورت سے گروہ کے کارندے پیسہ ناصر اور برج لال کے پاس بھیجتے تھے۔ یہ دونوں رقم کو کرپٹو میں بدل کر دبئی میں بیٹھے ملزم ’ملن‘ کو پہنچاتے تھے۔
ملن دراصل چین میں موجود سائبر گروہ کے لیے کام کرتا ہے اور انہی کو کرپٹو والیٹ فراہم کرتا تھا۔









