پٹنہ 18اگست: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اس وقت بہار کے دورہ پر ہیں۔ وہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی قیادت کر رہے ہیں اور اس میں انڈیا بلاک کی سبھی پارٹیاں اپنی پوری طاقت کے ساتھ شامل دکھائی دے رہی ہیں۔ اس یاترا کے دوسرے دن راہل گاندھی اورنگ آباد میں الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ اورنگ آباد میں انھوں نے کچھ ایسے لوگوں سے ملاقات بھی کی جنھوں نے گزشتہ کئی انتخابات میں ووٹ ڈالے ہیں، لیکن اس مرتبہ ان کا نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیا گیا۔ راہل گاندھی سے ملاقات کرنے والے کئی لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے انتخابات میں انھوں نے ووٹ دیے تھے، لیکن اس بار ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ان کا نام نہیں ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے جب ان لوگوں سے پوچھا کہ ایسا کیوں ہوا، تو انھوں نے بتایا کہ ’اوپر سے آرڈر تھا‘۔ راہل گاندھی نے لوگوں کو بھروسہ دلایا کہ اس ’ووٹ چوری‘ کو روکنے کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ غریبوں کے حقوق کی لڑائی ہے، جسے مضبوطی کے ساتھ لڑا جائے گا۔ راہل گاندھی نے متاثرہ ووٹرس سے اپنی ملاقات کی ویڈیو ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔ 4.24 منٹ کی اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’جن لوگوں نے پچھلے 5-4 انتخابات میں ووٹ کیا، بہار میں ان کا بھی ووٹ چوری کر لیا گیا۔ اور، جب وجہ پوچھی، تو ایک ہی جواب ملا– اوپر سے آرڈر آیا ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ یہ غریبوں کے حقوق کی لڑائی ہے، ہم رکیں گے نہیں۔ ووٹ چوری روک کر رہیں گے۔‘