پٹنہ 10اگست: پٹنہ اور بہار کے مختلف اضلاع میں جاری ووٹر لسٹ کے سلسلے میں سنگین بے ضابطگیوں کے انکشافات نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، کچھ مخصوص پتوں پر سینکڑوں ووٹروں کے نام درج ہیں، جس پر کانگریس نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق، مظفرپور کے بھگوان پور اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 370 میں مکان نمبر 27 پر ہی 269 افراد کا نام ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ حیرت انگیز طور پر ان ووٹروں میں مختلف ذات اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں، اور ایک مسلمان ووٹر کا بھی نام اس فہرست میں موجود ہے۔ بوتھ کا پتہ ’یوسکیم مڈل اسکول، بھگوت پور، جنوبی بھاگ‘ درج ہے۔ اس کے علاوہ اسی ضلع کے ایک اور علاقے میں بوتھ نمبر 370 میں کل ووٹروں کی تعداد 629 ہے جن میں 337 مرد اور 292 خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے 269 ووٹ صرف مکان نمبر 27 پر درج ہیں، جو کل ووٹروں کا 43 فیصد بنتے ہیں۔ اسی طرز کی بے ضابطگیاں جموئی ضلع میں بھی سامنے آئی ہیں۔ یہاں اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 86 میں مکان نمبر 3 پر 247 ووٹروں کے نام درج ہیں۔ اس بوتھ میں کل ووٹروں کی تعداد 618 ہے، جن میں 341 مرد اور 277 خواتین شامل ہیں۔