پٹنہ 10اگست: بہار میں ووٹر لسٹ کو لے کر سیاسی ماحول کافی گرم ہو گیا ہے۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو نے ریاست میں خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) ڈرافٹ ووٹر لسٹ کو لے کر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ اتوار کو انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا کا نام دو الگ الگ جگہوں پر ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں درج ہے اور ان کے پاس دو الگ الگ ایپک کارڈ بھی ہیں۔ ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق تیجسوی یادو نے وجے کمار سنہا کے دونوں ووٹر آئی ڈی کارڈ کی تفصیل میڈیا کو دکھائی۔ دونوں ایپک کارڈ کی تفصیل آن لائن چیک کرکے بھی دکھائی۔ تیجسوی نے کہا کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں وجے سنہا کا نام پٹنہ اور لکھی سرائے، دونوں جگہوں پر شامل ہے۔ یہی نہیں، دونوں ووٹر آئی ڈی کارڈ پر الگ الگ ایپک نمبر اور عمر درج ہیں۔ تیجسوی کے مطابق پٹنہ ضلع کے بوتھ نمبر 405 میں شمار نمبر 757 پر وجے کمار سنہا کا نام درج ہے جس کا ایپک نمبر AFS0853341 ہے، وہیں لکھی سرائے ضلع کے بوتھ نمبر 231 میں شمار نمبر 274 پر بھی ان کا نام شامل ہے، جس کے لیے ایپک نمبر IAF3939337 جاری کیا گیا ہے۔ تیجسوی کا کہنا تھا کہ ایس آئی آر بہت بڑا فرضی واڑہ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا کا یہ حال ہے۔ میرا معاملہ آیا تو میڈیا ٹرائل ہوا۔ میں نے الیکشن کمیشن کو اپنا جواب بھیج دیا ہے۔ اس کے باوجود مجھے دوبارہ نوٹس بھیجا گیا ہے۔ کیا وجے کمار سنہا کو الیکشن کمیشن نوٹس جاری کرے گا؟ ان کو تو دو جگہ سے نوٹس ملنا چاہیے۔ ایک پٹنہ ضلع اور دوسرا لکھی سرائے ضلع سے۔ دوسری طرف ’نو بھارت ٹائمز’ کی خبر کے مطابق کانگریس نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وجے سنہا کا نام دو الگ الگ اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ بہار کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’سب سے بڑا فراڈ‘ تو نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نکلے! صاحب دو جگہ کے ووٹر ہیں- لکھی سرائے اور بانکی پور، پٹنہ۔ وجے صاحب نے دونوں جگہ ایس آئی آر فارم بھی بھرا ہے۔








