بھوپال 6 اگست: ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن، نئی دہلی نے کریسنٹ پبلک اسکول میں متوسط اور کمزور معاشی طبقے کے خاندانوں سے آنے والے طلباء میں اسکول کے بیگ اور مطالعا تی سامان تقسیم کیا۔ ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن شکشت بھارت ابھیان کے تحت اسکول بیگ اور ضروری مطالعاتی مواد مفت تقسیم کر رہی ہے۔ اس مواد میں ا سکول بیگ، نوٹ بکس، کتابیں، کاپیاں اور دیگر سٹیشنری شامل ہیں۔
اس طرح کے تقسیمی پروگراموں کے انعقاد سے پہلے فاؤنڈیشن غریب اور کمزور معاشی طبقے کے گھر گھر جا کر سروے کرتی ہے اور مستحقین کی فہرست تیار کرتی ہے جس کے بعد اسے عزت کے ساتھ تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں فاؤنڈیشن کے ریاستی کنوینر جناب نوشاد احمد نے بتایا کہ اسی طرح کے اسکول بیگ تقسیم کرنے کے پروگرام پوری ریاست کے تقریباً 20 شہروں میں کئے گئے ہیں۔ جناب نوشاد نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد ہندوستان کے ان کمزور اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے بچوں کو مالی مدد فراہم کرنا اور تعلیم میں ان کی مدد کرنا ہے۔ ہمیں ان لوگوں کو آگے بڑھانا ہے جو مالی کمزوری کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اظہر بیگ نے کہا کہ جس طرح ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن 2026 کا ویژن پورے ہندوستان میں تعلیم کی سمت گامزن ہے اور ہر گھر میں تعلیم یافتہ شہری پیدا کرنا ہے، اسی طرح ہر طالب علم کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی ترقی اور ہندوستان کو تعلیم یافتہ بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
اس موقع پر کریسنٹ پبلک ا سکول کی ڈائریکٹر مسز حنا فرحان صاحبہ، پرنسپل مسز مہناز اسماعیل صاحبہ اور بہت سے معززین اور طلباء موجود تھے۔