بھوپال:30؍جولائی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ اگر کسی انتظامی عمل کی وجہ سے شہریوں کے مسائل لمبے عرصے سے زیر التواء ہیں اور اس کی وجہ سے مستحقین اپنے حقوق حاصل کرنے سے محروم ہو رہے ہیں تو انتظامیہ سے وابستہ ہرایک افسر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بلا تاخیر اس زیر التوا ء کام کا حل تلاش کریں۔ سی ایم ہیلپ لائن ایک ایسا نظام ہے جو لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے چلایا جاتا ہے۔ اس ہیلپ لائن اور سمادھان آن لائن جیسے پروگراموں تک معاملہ آنے کی ضرورت ہی نہیں ہونا چاہئے ۔ جس سطح پر حل ممکن ہو اس مسئلہ کو اسی سطح پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ یہ افسران کی ذمہ داری بھی ہے اور ذمہ دار انتظامیہ کا براہ راست ثبوت بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کے روز وزیر اعلیٰ رہائش گاہ واقع سمتوبھون میں مختلف اضلاع کے شہریوں کے زیر التواء مسائل کو سمادھن آن لائن کے ذریعہ حل کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سمادھان آن لائن میں سامنے آنے والے مختلف معاملات میں لاپرواہی کے قصوروار ایک انچارج پرنسپل کو معطل ، 4 افسران کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے اور انشورنس کمپنی پر مالی جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تین افسروں کی تعریف کی جنہوں نے شہریوں کے تئیں حساس ہو کر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے کارروائی کی اور انہیں مبارکباد دی۔ ان تینوں افسران نے موصول ہونے والی شکایات کو حل کرنے کے لیے صد-فیصد کارروائی کی ہے۔ ان افسران میں مسٹر کے کے دوبے، ڈپٹی انسپکٹر آف پولیس تھانہ راوت پورہ ، ضلع بھنڈ، مسٹر مہیندر شرما، سب ڈویزنل آفیسرتعمیرات عامہ مرینا اور مسٹر سچن ساہو، اسسٹنٹ انجینئر، شہری انتظامیہ، بھوپال شامل ہیں۔
چیف سکریٹری مسٹر انوراگ جین، ڈائریکٹرجنرل آف پولیس مسٹر کیلاش مکوانا اور دیگر سینئر افسران بھی سمادھان آن لائن پروگرام میں موجود تھے۔