نئی دہلی27جولائی: دہلی کے اشوک وہار میں بلڈوزر کارروائی کے بعد حال ہی میں کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے جیل والا باغ اور وزیر پور کی اجڑی بستیوں کا دورہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے آج سوشل میڈیا پر اس دورے کی ویڈیو جاری کی، جس میں متعدد متاثرین اپنے آنسوؤں کے ساتھ اپنی فریاد راہل گاندھی تک پہنچاتے نظر آتے ہیں۔ اس ویڈیو کا عنوان ’غریبوں پر چلا بلڈوزر! یہ کیسا وکاس؟‘ ہے، جبکہ ویڈیو کے کیپشن میں راہل گاندھی لکھتے ہیں، ’’سوچیے، اگر آپ کے اپنے ماں باپ، بچے یا بھائی بہن کے سر سے اچانک چھت چھین لی جائے، تو آپ کو کیسا لگے گا؟ دہلی کی جھگیوں میں رہنے والے سیکڑوں غریب خاندان آج اسی درد سے گزر رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی کے مطابق یہ انہدامی کارروائی صرف گھروں کو گرانے تک محدود نہیں، بلکہ غریبوں کے خواب، ان کی عزت نفس اور جینے کا سہارا بھی چھینا گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی حکومت کی بے حسی اور طاقت کے نشے کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریباً سات منٹ کی ویڈیو میں متاثرین اپنے ٹوٹے گھروں کے سامنے کھڑے ہو کر راہل گاندھی سے اپنی روداد سنا رہے ہیں۔ ایک خاتون نے کہا، ’’ہمارے پاس کورٹ کا اسٹے آرڈر تھا، پھر بھی ہمارا گھر توڑ دیا گیا۔‘‘ ایک اور شخص نے شکوہ کیا، ’’مودی جی نے کہا تھا جہاں جھگی، وہیں مکان… لیکن ہمیں تو کچھ نہیں ملا۔‘‘








