نئی دہلی23جولائی: کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پارلیمنٹ احاطے میں اپوزیشن ارکان کے ساتھ زوردار احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو کئی محاذوں پر آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے نہ صرف بہار میں ووٹر لسٹ کی جانچ کے عمل کو انتخابی چوری قرار دیا بلکہ مہاراشٹر، کرناٹک اور ملک گیر سطح پر ووٹروں کے حقوق چھیننے کے الزامات عائد کیے۔ ساتھ ہی انہوں نے ’آپریشن سندور‘ اور غزہ جنگ بندی پر امریکی صدر ٹرمپ کے دعوؤں پر وزیر اعظم مودی کی خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’یہ صرف بہار کی بات نہیں ہے، مہاراشٹر میں بھی ووٹر لسٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے ویڈیو اور ووٹر لسٹ مانگی مگر حکومت نے قانون ہی بدل دیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کانگریس نے کرناٹک کی ایک لوک سبھا سیٹ پر 6 مہینے تحقیق کی اور الیکشن چوری کا پورا نیٹ ورک سمجھ لیا۔ ہمیں سب ہمیں معلوم ہے کہ کس طرح نئے ووٹر بنائے جا رہے ہیں، کون اور کہاں سے ووٹ ڈال رہا ہے۔ یہی ماڈل اب بہار میں لاگو کیا جا رہا ہے، تاکہ مخصوص طبقات کو ووٹنگ سے باہر رکھا جا سکے۔‘‘