سرینگر5جولائی: جموں و کشمیر کے رام بن ضلع میں ہفتہ کی صبح ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں امرناتھ یاترا کر رہے کم سے کم 36 عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت ہوا جب چندرکوٹ لنگرن مقام کے پاس یاترا کا قافلہ ناشتہ کے لیے رکا ہوا تھا تبھی قافلہ میں شامل ایک دیگر بس نے چار بسوں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثہ میں زخمی لوگوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ راحت اور بچاؤ کام تیزی سے شروع کر دیا اور حالات کو قابو میں کیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی رام بن محمد الیاس خان، ڈی آئی جی ڈی کے آر شریدھر پاٹل، ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ اور اے ڈی سی ورون جیت سنگھ چرک اسپتال پہنچے۔ اس دوران انہوں نے زخمیوں سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں کو ہر مریضوں کو ہرممکن مدد کرنے کی بات کہی۔ رام بن کے ایس ایس پی کلبیر سنگھ نے بتایا، ’’قافلہ ناشتہ کے لیے چندر کوٹ میں رکا ہوا تھا۔ تبھی پیچھے سے آئی ایک بس چار کھڑی بسوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں تقریباً 36 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی علاج کے بعد زیادہ تر عقیدت مند اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ حالانکہ تین سے چار مسافروں کو زیادہ چوٹیں آئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں سفر شروع کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔