اندور، 11 جون (یو این آئی)گزشتہ کچھ دنوں سے پورے ملک میں سرخیوں میں رہنے والے مدھیہ پردیش کے اندور کے راجہ رگھوونشی قتل معاملے میں آج مرکزی ملزم سونم کا بھائی راجہ کے گھر پہنچا اور اس کے اہل خانہ سے معافی مانگی۔سونم کا بھائی گووند آج دوپہر راجہ رگھوونشی کے گھر پہنچا اور راجہ کی والدہ سمیت پورے کنبہ سے معافی مانگی۔ اس دوران راجہ کے بھائی وپن رگھوونشی سمیت کنبہ کے تمام افراد بھی موجود تھے۔اس ملاقات کے بعد سونم کے بھائی گووند نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک ملنے والے شواہد کے مطابق یہ قتل سونم نے ہی کیا ہے۔ اسی نے یہ کام کیا ہے اور اس سے کروایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں تمام ملزمین راج کشواہا سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے سونم سے تمام تعلقات توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سونم اس معاملے میں قصوروار ہے تو اسے پھانسی کی سزاہونی چاہیے۔دریں اثناء میگھالیہ پولیس اس واقعہ میں ملوث راج کشواہا سمیت چار ملزمین کے ساتھ آج صبح شیلانگ پہنچ گئی۔ مرکزی ملزم سونم رگھوونشی کو میگھالیہ پولیس پہلے ہی شیلانگ لے جا چکی ہے۔